اسلام آباد +لندن (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے عمران خان کی نفرت انگیز اور فرقہ واریت پر مبنی سیاست کا اپنے بھائیوں اور بہنوں پر زہریلا اثر دیکھ کر دکھ ہوا۔ لندن میں پی ٹی آئی کارکنوں کے شر انگیز رویئے کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا میں نے پی ٹی آئی کارکنوں کے ہر سوال کا جواب دیا، افسوس وہ عمران خان کے پروپیگنڈے کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا ہم عمران خان کی زہریلی سیاست کا مقابلہ کرنے اور لوگوں کو متحد کرنے کے لیے اپنا کام جاری رکھیں گے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق قبل ازیں مریم اورنگزیب ماربل آرچ پر ایک کافی شاپ میں کافی لینے کیلئے رکیں تو اس دوران پی ٹی آئی کے کارکن آ گئے اور انہوں نے وزیر اطلاعات پر مختلف الزامات لگائے۔ تاہم انہوں نے کوئی جواب نہ دیا اور مسکراتی رہیں۔