حکومت سیلاب متاثرین کے گھروں کی از سر نو تعمیر میں مدد کریگی : شرجیل میمن 

  کراچی(این این آئی) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے صوبہ میں 20 اگست سے ہونے والی امدادی سرگرمیوں اور نقصانات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہاکہ صوبہ میں متاثرین کے لئے 2908 ریلیف کیمپ کام کر رہے ہیںان ریلیف کیمپوں 382871متاثرین موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ متاثرین میں اب تک 318264 ٹینٹ تقسیم کئے گئے ہیں، انہیں 2392722 مچھر دانیاںاور 842568 راشن بیگز بھی دئیے گئے ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہاکہ مخیر حضرات اور فلاحی ادارے امدادی سامان کی تقسیم کے لئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے رابطہ کریںکیونکہ پی ڈی ایم اے کی رہنمائی کے ذریعہ وہ مستحق اور ضرورت مندافراد تک بہتر انداز میں امداد پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اب تک بارشوں کے باعث 747 افراد ہلاک جبکہ 8422 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ بارشوں کے دوران صوبہ بھر میں 376574 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیںجبکہ بارشوں کے باعث 1816044 مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے،صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ صوبہ میں 3773707 ایکڑ پر کاشت کی گئی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اس کے علاوہ بارشوں سے 803 سڑکوں کا 8389 کلو میٹر حصہ تباہ ہو گیا ہے جبکہ 165 پلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔کراچی کے 5 اضلاع میں قائم 32 ریلیف کیمپوں کی تفصیل بتاتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ان میں 16104 متاثرین موجود ہیں, ان متاثرین کو پکا ہوا کھانا، پینے کا صاف پانی ، ادویات اور دیگرسہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بارش اور سیلاب متاثرین کو ان کے گھروں میں رہائش فراہم کرنا ترجیح ہے اورحکومت سندھ متاثرین کے گھروں کی ازسر نو تعمیر میں ان کی مدد کرے گی، ضلع شرقی میں قائم 15 کیمپوں میں 8476 متاثرین سیلاب کو رکھا گیا ہے، ضلع غربی کے 6 کیمپوں میں 3812 متاثرین کوٹھرایا گیا ہے، ضلع کورنگی میں 1 کیمپ ہے جہاں 408 متاثرین کو رہائش فراہم کی گئی ہے، ضلع ملیر کے 9 ریلیف کیمپوں میں 3288 متاثرین موجود ہیں۔

ای پیپر دی نیشن