کراچی(این این آئی)رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے شہرقائد میں راہزنی کے بڑھتے واقعات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو خط لکھ دیا۔خط کے متن میں تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے کہاکہ گزشتہ دنوں گلستان جوہر میں راہزنی کے دوران ایک شخص جو فیملی کے سامنے قتل کردیا گیا،مقتول ایک اعلی تعلیم یافتہ اور کینڈین نیشنیلٹی بھی رکھتا تھا۔انہوں نے کہاکہ شہر میں گزشتہ ماہ سے چھینا جھپٹی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔شہریوں کی جان و املاک آج کل محفوظ نہیں ہے۔کراچی شہر کے باسی دہشت اور خوف میں جی رہے ہیں۔کلفٹن،ڈی ایچ اے و دیگر علاقوں میں یومیہ درجنوں واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں ۔سندھ پولیس محدود وسائل میں بہترین خدمات انجام دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ شہر کی موجودہ صورتحال خوفناک حد تک تشویشناک ہوگئی ہے۔سندھ پولیس فوری اس معاملے پر ایکشن پلان ترتیب دے اورایسے واقعات کی روک تھام کراچی کے امن و امان کے لیے اشد ضروری ہے۔
شہزاد قریشی
شہرقائد میں راہزنی کے بڑھتے واقعات پر اظہار تشویش
Sep 26, 2022