کراچی(این این آئی)تنظیم الاعوان پاکستان سندھ کے وائس چیئرمین زاہد اعوان نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی صورتحال دن بدن پستی کی جانب گامزن ہے، جبکہ ڈالر کی قدر میں روز کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے، اپنے ایک بیان میں زاہد اعوان کا کہنا تھا کہ ملک کا بڑھتا ہوا تجارتی و جاری کھاتوں کا خسارہ، تیزی سے گرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر، روپے کی تیزی سے گرتی ہوئی قدر اور انہی وجوہات کی بنا پر ملک میں مہنگائی کی شرح میں تاریخی اضافے کے باوجود عوام کو اس بات پر حیرت ہے کہ حکومت اپنے اور اپنی کابینہ کے جاری غیر معمولی و پرتعیش اخراجات میں کمی کرنے پر غور تک نہیں کررہی یا وہ ایسا کرنے کی جرات بھی نہیں رکھتی۔ زاہد اعوان نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال کی ابتری پر عوام کی حکمرانوں سے توقع ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر اپنے غیرملکی دوروں کو منسوخ اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کریں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے اشیا خور و نوش سمیت تمام چیزوں کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ہوچکا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں دودھ کے نرخ بھی 150 سے بڑھ کر 180 روپے فی لیٹر ہوچکے ہیں۔حکمرانوں کواس حوالے سے قبل از وقت سوچنا ہوگا ، کہیں پانی سر سے نہ گزر جائے۔
زاہد اعوان