مظفرآباد(نمائندہ خصوصی )اہلسنت رابطہ کونسل آزاد کشمیر کے ناظم اعلی مولانا محمد زمان سیفی نے کہا ہے کہ دینی اقدار کی حقانیت واضح کرنے میں اولیا ء کرام کا کردار سر فہرست ہے ۔ تحفظ ناموس رسالتؐ و ختم نبوتؐ اور ترویج شریعت و طریقت میں اعلی حضرت امام احمد رضا خان، اعلی حضرت گولڑوی اور امام ربانی مجدد الف ثانی رحمھم اللہ کی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی ، ان ہستیوں نے الحاد و زندقہ اور بے دینی و بے راہ روی کے طوفان میں جس جرات و استقلال سے دین حق کی اصل صورت کو تحفظ فراہم کیا وہ اپنی مثال آپ ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بزمِ سیفیہ دارالعلوم گل زارِ مصطفی کے زیر اہتمام جامع مسجد حضرت سیدنا عبداللہ بن عبد المطلب اپر گوجرہ مگری میں ان حضرات کے ایام وصال کی مناسبت سے ہونے والی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وقت کے جابر حکمرانوں اور مقتدر لادین قوتوں سے ٹکراتی ان ہستیوں نے تاقیامت اپنے ماننے والوں پر واضح کر دیا کہ اگر ہمارے راستے پر چلنا ہے تو یہ انداز اپنایا ہو گا ، حضرت مجدد الف ثانی کے دور میں نفس پرست صوفیا خام اور تصوف کے نام نہاد دعوے داروں نے شریعت و طریقت کو الگ الگ رکھنے کی بدعت سیئہ کو پروان چڑھایا جسکا آپ نے سختی سے رد فرماتے ہوئے شرعی دلائل سے یہ واضح کیا کہ تصوف و طریقت در حقیقت شریعت و حقیقت ہی کا راستہ ہے اور طریقت ، شریعت پر کامل طور پر چلنے کا نام ہے ۔ اعلی حضرت امام احمد رضا خان کے دور میں فرنگی سازشوں کے ذریعے مسلمانوں کے دلوں سے عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جذبے کو مٹانے کے لیے سازشیں عروج پر تھیں ، آپ ان سازشیوں کے مقابلے میں مضبوط چٹان کی طرح کھڑے ہوئے اور مسلمان قوم پر واضح کیا کہ محبت رسول سے خالی عمل بے روح جسم اور بے مغز چھلکے جیسا ہے اور ایمان کی بنیاد محبت رسول ہی ہے ، انگریزی پروردہ قادیانی فتنے کے خلاف جدوجہد کے لیے قائد کے طور پر پاکستانی ملت نے اعلی حضرت گولڑوی کا انتخاب کیا جسکا آپ نے خوب حق ادا کیا اور ہر جگہ مرزا قادیانی کا پیچھا کرتے ہوئے اسے بھاگنے پر مجبور کیا ۔ امت مسلمہ ان عظیم خدمات پر تاقیامت ان ہستیوں کی خدمت میں خراجِ عقیدت پیش کرتی رہے گی ۔