اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی امور حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے متحدہ علماء بورڈ (ایم یو بی) کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹائے جانے کے پنجاب حکومت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے میں نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم یو بی کے چیئرمین کی حیثیت سے ان کی خدمات سے برطرفی کے خلاف قانون ہے کیونکہ انہیں19 فروری2019 ء کو بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا اور31 مارچ 2022 ء کو انہیں دوبارہ قلمدان سونپا گیا۔ قانون کے مطابق بورڈ کے چیئرمین کو ان کی آئینی مدت پوری ہونے تک نہیں ہٹایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف نے19 ستمبر کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے غیر قانونی طور پر ایم یو بی کے چیئرمین کی حیثیت سے ان کی خدمات ختم کر دیں۔ نئی تقرری کے نوٹیفکیشن میں مذہبی تنظیم میں اس اچانک تبدیلی کی منطقی وجوہات کا بھی ذکر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے صوبائی لا آفیسر سے جواب طلب کر لیا ہے کہ ایم یو بی کے چیئرمین کی نئی تقرری کس قانون کے تحت کی گئی۔ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی نے کہا کہ ایم یو بی ایک مذہبی ادارہ ہے اور اسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
طاہر اشرفی