معاشی چیلنجز، سیلاب کے باعث مشکلات، پالیسیوں کا تسلسل اہم ہے: گورنر 

Sep 26, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے تاجروں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تاجروں کو درپیش مسائل، روڈ انفراسٹرکچر، تجاوزات سمیت دیگر ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چلتا ہے تو ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور ملک ترقی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک معاشی چیلنجز اور سیلاب کی وجہ سے مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی ہے۔ ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے۔ گورنر پنجاب نے تاجر برادری کے ملک کی ترقی میں کردار کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے ہر مشکل وقت میں فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ گورنر پنجاب نے اخبار بینی کے قومی دن پر جاری بیان میں کہا کہ اخبار مستند خبریں، معلومات اور مختلف موضوعات پر تجزیے فراہم کرنے کا ذریعہ ہے۔ نوجوان نسل کو خاص طور پر اخبارات کے مطالعے  کی عادت ڈالنی چاہئے۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب محمد  بلیغ الرحمان نے ریڈیو  کے معروف براڈ کاسٹر  محمد اجمل ملک کی پہلی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ سرائیکی وسیب کے مقبول ترین براڈ کاسٹر  محمد اجمل ملک اپنی آواز اور پیغام کے ذریعے آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔
گورنر

مزیدخبریں