لاہور(سپورٹس رپورٹر)قذافی سٹیڈیم پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میدان ہے جو پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں واقع ہے۔ مینار پاکستان ڈیزائن کرنے والے ماہر تعمیرات نصر الدین مراد خان نے ہی قذافی سٹیڈیم کا بھی ڈیزائن تیار کیا اور 1959 میں اس کی تعمیر ہوئی۔ 1996 کے کرکٹ ورلڈکپ کے موقع پر ماہر تعمیرات نیر علی دادا نے اس میدان کی نئے سرے سے تزئین و آرائش کی اور سرخ اینٹوں اور گنبدوں کے استعمال سے اسے مغلیہ طرز میں ڈھالا، ساتھ ہی سیمنٹ کے بجائے پلاسٹک کی کرسیاں لگائی گئیں۔ میدان 60ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھتا ہے۔قذافی سٹیڈیم پاکستان کا پہلا کرکٹ میدان ہے جو اپنے سٹینڈ بائے جنریٹرز سے چلنے والی جدید فلڈ لائٹس سے آراستہ ہے۔ مصنوعی روشنی میں یہاں کھیلا گیا پہلا میچ عالمی کپ 1996 کا فائنل تھا جس میں سری لنکا اور آسٹریلیا مدمقابل تھے اور میدان سری لنکا نے مارا اور عالمی اعزاز اپنے نام کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر دفاتر بھی قذافی سٹیڈیم میں واقع ہیں۔