امہ مشکلات سے نجات کیلئے امام حسنؓ کی تعلیمات اپنائے، یوسف گیلانی

ملتان(نمائندہ نوائے وقت)سابق وزیراعظم سنیٹرسید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ڈیم بنانے والوں نے چندہ لیکر قوم کو بیوقوف اور ڈیم فول بنایا نواسہ رسول حضرت امام حسن کی  شہادت کا دن عظیم سانحہ ہے اور گیلانی خاندان حضرت امام حسن کی اولاد ہیں آپ کی تعلیمات پر عمل کیا جائے تو امت مسلمہ مشکلات ومصائب سے نجات حاصل کر سکتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے قدیمی و مرکزی امام بارگاہ حیدری کمیٹی برالنگ دولت گیٹ پر گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر تحفظ عزاداری امام حسین کونسل کے مرکزی صدر خاور شفقت بھٹہ،کوارڈینیٹر سہیل حسنین بھٹہ،مرکزی سیکریٹری جنرل سید طالب حسین پرواز،سینئرنائب صدر مخدوم سید صدر الدین گیلانی،ڈاکٹر جاوید صدیقی،خواجہ رضوان عالم،ملک نسیم لابر،شاہ زیب حسن بلوچ،اصف علی قریشی ہاشمی،چوہدری جہانزیب،عباس علی قریشی بھی موجود تھے سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ سیلاب پورے پاکستان کامسئلہ ہے وزیر اعظم،وزیر خارجہ نے سیلاب زدگان کے لئے اچھی مہم چلائی ہے یہاں تک کہ امریکی صدر نے بھی سیلاب زدگان کی امداد کے لیے بڑی مہم چلائی ہے بہت جلد متاثرین سیلاب زدگان کی بحالی ہوگی انہوں نے کہا کہ عمران خان خود وکٹیں اکھاڑ کر بھاگ گئے تھے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کچھ قوتیں اسلام کو نقصان پہنچانا چاہ رہی ہیں علماء کرام،مشائخ عظام محراب و منبر سے آ پس میں اتحاد،اخوت،امن اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے کے لیے کردار  ادا کریں اور اس پیغام کو عام کریں ۔ دریں اثناء سابق وزیراعظم و سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی سے گیلانی ہاؤس میں چک نمبر 9ٹی کے کمیٹی ممبران ڈاکٹر سیدین شاہ نقوی، عاشق رسول گجر، اشرف سیال،ظفر شیخو، افتخار چیمہ ،، خلیل قریشی ،، اللہ دتہ گجر ، افتخار مہنگھا دیدھ، راجہ ہمایوں ، شعیب مقصود اعوان ،زوہیب مقصود اعوان نے ملاقات کی  یوسف گیلانی نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں سیلاب زدگان کی امداد کے لئے دن رات ایک کئیہوئے ہیں۔ پاک افواج ودیگر اداروں نے بھی اس قدرتی آفت سے نبرد آزما ہونے کے لئے لازوال کردار ادا کر رہے ہیں۔پاکستان کے تمام طبقات بھی جدوجہد کررہے ہیں کہ سیلاب زدگان کو شدید مشکلات میں سے نکال کر بحالی کی طرف لایا جائے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ صرف عمران خان واحد شخص ہیں جو پاکستان کے ان مشکل ترین حالات میں بھی سیاسی جلسے کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔عمران خان سیلاب زدگان کی امداد پر بھی مضحکہ خیز بیانات دے رہے ہیں جو کہ انتہائی غیر سنجیدہ اور غیر اخلاقی عمل ہے۔ سیاست کہیں بھاگی نہیں جارہی جیسے پی ڈی ایم کی جماعتوں نے سیاسی سرگرمیاں معطل کر کے تمام توجہ سیلاب زدگان کی امداد کی طرف کردی ہے تاریخ کے بدترین سیلاب کی وجہ سے تین کروڑ متاثرین کھلے آسمان تلے پڑے ھیں یہ سیاست نہیں انکی خدمت کا وقت ہے۔ اس موقع پر چک نمبر 9 ٹی کمیٹی کے ممبران نے پی ڈی ایم و پیپلز پارٹی این اے 157 کے امیدوار سید علی موسیٰ گیلانی کی حمایت کا اعلان کیا۔
یوسف گیلانی

ای پیپر دی نیشن