گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی ) چیئرمین الیکٹرک پینل مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کاشف اے عزیز نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے سوئچ گیئر خام مال کی درآمد پر پابندی سے انڈسٹری بحران کا شکار ہوچکی ہے جس سے ہزاروں کی تعداد میں ورکرز کی نوکریاں دائو پر لگ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوئچ گیئر انڈسٹری کا خام مال لگژری آئٹمز میں نہیں آتالہذا اس کی امپورٹ پر پابندی کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی اورحکام بالا کی غیر سنجدگی کی وجہ سے تقریباً 200 مینوفیکچرزگہری پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ خام مال روکنے سے نہ صرف الیکٹریکل پینل انڈسٹری بلکہ اس سے جڑی دوسری متعدد صنعتیں بھی متاثر ہورہی ہیں جس سے قومی معیشت کو شدید نقصان کا بھی اندیشہ ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاہے وزیراعظم پاکستان‘ وزیر صنعت و تجارت ودیگر حکام بالا اس معاملہ کا فوری نوٹس لیں اور سوئچ گیئر کے خام مال کی اشیاء کی درآمد کو فوری طور پر کھولا جائے جبکہ اس طرح کی اشیاء کی مقامی مینوفیکچرنگ کے قیام کیلئے بھی حکومت مناسب اقدامات اٹھائے جس سے ملک کا درآمدی بل کم ہوگا۔