شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)شیخوپورہ کے قصبہ فیروزوٹواں میں بھی ریسکیو 1122 کی سروسز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا سروس کا افتتاح سابق چیئرمین ٹیوٹا رانا علی سلمان،ضلعی صدرپی ٹی آئی کنور عمران سعید اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر رانا اعجاز احمد نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں رانا زاہدمحمود، عباس وٹو اور فیروزوٹواں کے عمائدین سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، شرکاء سے خطاب کے دوران مقررین نے ڈائریکٹر جنرل وسیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹررضوان نصیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی کاوش سے فیروزوٹواں کی عوام کو ریسکیو 1122 کی 2 ایمبولینسیں اور 1 فائر وہیکل جیسا تحفہ ملا اس پر فیروزوٹواں کی عوام مبارکباد کی مستحق ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی صوبہ کے عوام کو ریسکیو سروسز کی فراہمی پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں عوام کوصحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے ریسکیو 1122 کا دائرہ کار پنجاب کی تمام تحصیلوں سمیت اہم قصبوں تک بڑھا دیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا سٹینڈرڑ ریسپانس ٹائم 7 سے 10 منٹ برقرار رہے گا ۔