عنبرین فاطمہ
اسلامی سال کا تیسرا مہینہ ربیع الاول وہ مبارک مہینہ ہے جس میں ہمارے پیارے نبی کی ولادت باسعادت نوع انسانی کیلئے ہدایت کا وسیلہ بن کر رحمة اللعالمین کا ازل سے ابد تک کیلئے خزینہ قرار پا گئی ۔ 12ربیع الاول انسانی تاریخ کا عظیم ترین دن ہے جو اپنی فیوضات و برکات کے اعتبار سے نہایت افضل قرار پاتا ہے۔ ربیع الاول کی اس مبارک گھڑی بروز پیر، مکہ المکرمہ بنی ہاشم میں آپ کی ولادت باسعادت صبح صادق کے وقت ہوئی۔ 12 ربیع الاول ہی کے دن آپ ہجرت فرما کر مدینہ منورہ تشریف لائے۔ کائنات کی ظلمت و تاریکی کی جگہ نورانیت اور گمراہی کو ہدایت میں بدلنے کا آغاز ہونا تھا کہ رب العالمین نے آپ کو دنیا میں بھیج کر ہمیشہ ہمیشہ کیلئے کمالِ دلادت پہ سرفراز فرما دیا ۔ بحیثیت مسلمان اس دن کی اہمیت کا احساس ہم سب کے دلوں میں جا گزین رہتا ہے سال بھر ہم سب اس گھڑی کا انتہائی شوق اور جسجو سے انتظار کرتے ہیں اور ہر بار ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ اس دن کو منانے کی تیاریوں میں مشغول ہو جاتے ہیں۔ ہم سب کیلئے یہ مبارک دن ہدایت کا ذریعہ بھی ہے اور خوشیوں کا مقام بھی ۔اس مبارک دن کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے ہم جہاں اپنے ہاں مختلف محافل، تقریبات اور اجتماعات کا انعقاد کرتے ہیں اس کےساتھ ساتھ آپ کی ولادتِ پاک کی نسبت سے پوری انسانیت اور دنیا و آخرت کی بھلائی کے لئے حیات مباک کی روشنی میں آپ کا پیغام بھی دنیا میں عام کرتے ہیں۔
12ربیع الاول کے باسعادت دن کی اہمیت کے حوالے سے ادنیٰ واعلیٰ اور رنگ نسل کے امتیاز سے بالا تر ہر شعبہ ءزندگی کے لوگ اپنے جوش و جذبات رکھتے ہیں۔اس حوالے سے شوبز کی چند اہم شخصیات سے بات کرنے پر گلوکار ابرار الحق کا کہنا تھا کہ اس دن کا میسج عیاں ہے نبی پاک کی حیات مبارک ہمارے لئے نمونہ ہے ، اگر ہم اپنا اخلاق ہی اچھا کر لیں کسی کا دل نہ دکھائیں کسی سے پیار سے بات کر لیں ، اللہ ہمارے لئے آسانیاں پیدا کرے گا، حضور پاک کا اخلاق بہترین اخلاق تھا ، ہم غریبوں کی مدد کریں تو خدا ہمارا رزق کشادہ کرے گا یہ وہ تعلیمات ہیں جو ہمیں ہمارے نبی نے دی ہیں۔قیامت کے دن جو ہم سے پوچھاجانا ہے جو ہم سے پوچھ گچھ ہونی ہے وہ سب کو پتہ ہے پھر بھی ہم اسکی تیاری نہ کریں تو یہ ہمارا قصور ہے۔ جو نبی کے طریقے پر چلا ان کی سنت کے مطابق اپنی زندگی گزاری وہ کامیاب ہو گیا اور جو اس راستے سے ہٹ گیا یقینا وہ ناکام ہو گیا۔ ہمارے پیار نبی کی پیار ی زندگی ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے ہمیں اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم اس خزانے سے فائدہ نہ اٹھائیں تو یہ ہماری غلطی اور بدقسمتی ہے۔سٹیج کے معروف اداکار گوشی خان نے کہا کہ 12ربیع الاول کا دن رحمتوں اور برکتوں والا دن ہے ، اس دن وہ دنیا میں آئے آپ وجہ تخلیق کائنات ہیں۔ مجھے یاد ہے کہ ہمارے بچپن میں ہم اپنے گھر کے باہر پہاڑیاں بنایا کرتے تھے ،گلیوں اور محلوں کو سجایا کرتے تھے ، خوشی کا سماں ہوتا تھا ، نیاز آج بھی تقسیم ہوتی ہے ہمارے بچپن میں بھی ہوتی تھی۔ ایک خوبصورت ماحول ہوتا تھا۔ میرے بچے آج جب پہاڑیاں بناتے ہیں گلی محلے کو سجاتے ہیں تو میں ان کے ساتھ کھڑا ہوجاتا ہوں اور برابر کا حصہ لیتا ہوں۔ ہم حضور کی عظمت میں درود پاک پڑھتے ہیں ، یہ نبی ہی ہیں جن کی صدقے ہم سب بخشے جائیں گے۔ہمارے پیارے نبی نے ،ہمارے اسلام نے جن کاموں سے ہمیں منع کیا ہے ہم وہ اگر کرتے ہیں تو یقینا وہ ایک بری بات ہے گناہ ہے، جو ہمارے اسلام میں کام جائز ہیں وہ ہم کریں تو یقینا خدا اور نبی کریم ہم سے خوش ہوتے ہیں۔ ہم سب کو ایک دوسرے کے ساتھ پیار کرنا چاہیے ، ایک دوسرے کا خیال کرنا چاہیے ،اپنے بہن بھائیوں کا خیال کریںیہی نبی کی سنت ہے اور خدا ہمیں ان کی سنت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائیںامین۔ گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا کہ12ربیع الاول بابرکت مہینہ ہے اسکی فضیلت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس مہینے میں ہمارے نبی مکرم دنیا میں تشریف لائے ، مجھے یاد ہے کہ جیسے آج بازار سجتے ہیں اسی طرح سے ہمارے بچپن میں بازار سجا کرتے تھے ، دلہن کی طرح نہ صرف بازار بلکہ گلی محلے بھی سجے ہوتے تھے آج بھی ایسا ہی ہوتا ہے اور تاقیامت ایسا ہی ہوتا رہے گا۔ ہم پہاڑیاں بنایا کرتے تھے آج بچوں کو پہاڑیاں بناتا دیکھتی ہوں تو خوشی ہوتی ہے ہر کوئی نبیءآخر الزماں کی اس دنیا میں آمد کے جشن کو منا رہا ہوتا ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ ہم آپ کی سنت پر عمل کریںجوہم سب کے آخری نبی اور ہدیات کا وسیلہ ہیں۔
اداکار فیصل قریشی نے کہا کہ اس مہینے میں سرورِ دو عالم حضور اقدس محمدالرسول اللہ دنیا میں تشریف لائے اور یہ مقام کسی اور مہینے کو حاصل نہیں۔ماہ ربیع الاول کی بارہ تاریخ کو یعنی ولادت پاک کے دن خوشی و مسرت کا اظہار کرنا، مساکین کو کھانا کھلانا اور میلا د شریف کا جلوس نکالنا اور جلسے منعقد کرنا اور کثرت سے درود شریف پڑھنا بڑا ثواب ہے۔جو یہ عمل کرے گا اللہ تعالیٰ تمام سال اس کو امن و امان مرحمت فرمائے گا۔ نبی پاک پوری دنیا کے لئے نمونہ بن کر آئے، وہ ہر شعبے میں اس اوج کمال پر فائز ہیں کہ ان جیسا کوئی تھا اور نہ ہی آئندہ آئے گا۔معروف اداکارہ و ماڈل عفت عمر نے کہا کہ ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا حامل مہینہ ہے کیونکہ اس مہینے نبی آخرالزماں کی دنیا میں تشریف آوری ہوئی۔ میں سمجھتی ہوں کہ جب ہم اپنی زندگی میں حاصل ہونے والی چھوٹی چھوٹی خوشیوں پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں اور خوشی مناتے ہیں تو وجود محمدی کی نعمت عطا ہونے پر سب سے بڑھ کر خوشی منائی جانی چاہیے اور اس خوشی کے اظہار کا بہترین موقع ماہ ربیع الاوّل ہے۔12ربیع الاول کی خوشیاں تو اسی رات سے منائی جانی شروع ہوجاتی ہیں جس رات ہمیں ربیع الاوّل کا چاند نظر آتا ہے۔ اپنے دوستوں اور عزیزواقارب کو ماہِ ربیع الاوّل پر آمد پر مبارکباد یتے ہیں۔ماہ ربیع الاول کا پیغام آج کے مسلمان کے لئے اگر کوئی ہو سکتا ہے تو یہ کہ وہ اپنے معاملات میں پیارے نبی کی حیات مبارک کی روشن مثال کو داخل کر کے جنت کا حقدار بن جائے۔۔
ربیع الاوّل کے چاند میں طیبہ کا چاند
Sep 26, 2023