قلعہ دیدار سنگھ: ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماکے کاروباری مراکز کھولنے کاحکم دیدیا

Sep 26, 2023

قلعہ دیدار سنگھ(نمائندہ خصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما سابق ایم این اے میاں طارق محمود کے غیر قانونی طور پر سیل کئے گئے تمام کاروباری مراکز کو ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کوڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے عہدے داروں اور کارکنوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاﺅن میں ضلعی انتظامیہ نے 22 جون کوتحریک انصاف کے اہم رہنما سابق ایم این اے میاں طارق محمود کے کاروباری مراکز جان ہائٹس پلازہ ، مظہر فلور مل ، عبداللہ فلنگ اسٹیشن اور ویلج کیفے ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا تھا جسکے خلاف عمران رضا چدھڑ(ایڈووکیٹ)نے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کر رکھی تھی گزشتہ روز جسٹس راحیل کامران کی عدالت نے غیر قانونی سیل کئے گئے کاروباری مراکز کو ڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے عدالت نے اپنے فیصلے میں ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد فیاض موہل کو ہدایت کی کے تمام پراپرٹیز کو فورا ڈی سیل کیا جائے۔سابق ایم این اے میاں طارق محمود نے نمائندہ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کے حق سچ کی فتح ہوئی ہے فسطائی حکومت کی انتقامی کاروائیوں کے آگے نہ جھکے ہیں اور نہ جھکیں گے عمران خان کے ساتھی ہیں اور رہیں گے۔

مزیدخبریں