سرینگر (کے پی آئی + این این آئی) مقبوضہ جموں و کشمیر کے طول وعرض میں عسکریت پسندوں کی حالیہ کامیاب کارروائیوں کے بعد قابض بھارتی فوج کے مجاہدین مخالف آپریشنز جاری ہیں ،کئی علاقے فوجی محاصرے میں ہیں جبکہ قابض بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں عسکریت پسندوںکی دو کمین گاہوں کا پتہ لگا کر وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عسکریت پسندوںکے ماڈیولز کو بے نقاب کیا گیا ہے اور اس 5ہائبرڈ عسکریت پسندوں کو گرفتار کر نے کا بھی دعوی کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں قابض بھارتی فورسزنے اس وقت ایک بہت بڑی کامیابی کامیابی کادعوی کیا جب فوج ، فورسز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں پانچ ہائبرڈ عسکریت پسندوںکو گرفتار کرلیا گیا جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ جبکہ مقبوضہ کشمیرمیں تحریک استقامت جموں و کشمیرکے چیرمین غلام نبی وار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم پاکستان کے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کشمیری عوام کے جذبات کی ترجمانی ھے۔ اپنے بیا ن میںانھوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر کا حل یقینی طور پر بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کی ضمانت ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر اقتدار کی جنگ کا نہیں بلکہ غیر قانونی بھارتی قبضے سے کشمیریوں کی آزادی کا مسئلہ ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری شیخ عبد المتین نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام اپنے پیدائشی حق ،حق خود ارادیت کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
مقبوضہ کشمیر: قابض فوج کے آپریشنز جاری، مزید 5افراد گرفتار
Sep 26, 2023