کراچی (نیٹ نیوز) سٹیٹ بینک نے حوالہ ہنڈی اور کرنسی سمگلنگ سے متعلق ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر 2 منی ایکسچینج کمپنیوں کا لائسنس معطل کردیا۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے 2 کمپنیوں کےخلاف کارروائی کے لیے ڈائریکٹر ایکسچینج پالیسی ڈیپارٹمنٹ سٹیٹ بینک آف پاکستان کو مراسلہ ارسال کیا تھا۔ مراسلے میں کہا گیا تھا دونوں کمپنیوں کے خلاف حوالہ ہنڈی اورکرنسی سمگلنگ کے مقدمات درج ہیں، ان کے خلاف قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایک ایکسچینج کمپنی کا اجازت نامہ 3 ماہ کے لیے معطل کیا گیا ہے، اجازت نامہ ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں پر معطل کیا گیا ہے۔ ایک اور ایکسچینج کمپنی کا اجازت نامہ قواعد کی خلاف ورزی پر تاحکم ثانی معطل کیا گیا ہے، ایکسچینج کمپنی، اس کے صدر دفتر اور برانچوں کو کاروباری سرگرمیوں سے روک دیا گیا ہے۔