ہائیکورٹ نے نیلم جہلم سرچارج ،پی ٹی وی فیس کی وصولی کےخلاف درخواست نمٹادی

Sep 26, 2023

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فیصل زمان خان نے نیلم جہلم سرچارج اور پی ٹی وی فیس کی وصولی کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے نیپرا سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ سرچارجز لگانا یا ہٹانا لیسکو کا اختیار نہیں درخواست گزار نیپرا سے رجوع کرے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بجلی کےبلوں میں نیلم جہلم سرچارج اور پی ٹی وی فیس کسی قانونی جواز کے بغیر وصول کی جا رہی ہے۔ دو دہائیوں سے نیلم جہلم سرچارج کا عوام الناس کوکوئی فائدہ نہیں پہنچا، شہریوں کی اکثریتی آبادی نے کبھی پی ٹی وی کی نشریات نہیں دیکھیں۔ وکیل نے بتایا کہ واپڈا کا کام بجلی کی ترسیل اور اسی نوعیت کے انتظامی امور سنبھالنا ہے، واپڈا یا بجلی سپلائی کمپنیاں ٹیکسز لگانے اور وصولی کا قانونی اختیار نہیں رکھتی ہیں۔ متعدد ٹیکسز کے نام پر بجلی کے بلوں میں ہزاروں روپے کا ٹیکس عائدکیا جا رہا ہے۔ استدعا ہے کہ عدالت بجلی بلوں میں عائد ٹیکسز کو نیلم جہلم سرچارج اور پی ٹی وی فیس کالعدم قرار دے۔

مزیدخبریں