اسلام آباد (نیٹ نیوز) پاکستان نے نیدر لینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے نفرت انگیز اور اسلامو فوبیا کے اقدامات کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیدر لینڈ کے شہر ہیگ میں پاکستان سمیت اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کے تازہ ترین حواس باختہ اور انتہائی جارحانہ حرکت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور اس طرح کی حرکتیں آزادی اظہار رائے اور احتجاج کی آڑ میں نظرانداز نہیں کی جا سکتی ہیں۔ ترک اخبار ڈیلی صباح نے رپورٹ کیا تھا کہ نیدر لینڈ کے انتہائی دائیں بازو کے کارکن اور گروپ پیگیڈا کے سربراہ ایڈون ویگنسویلڈ نے ہیگ میں ترکیہ‘ پاکستان اور انڈونیشیا کے سفارت خانوں کے سامنے قرآن پاک کی بے حرمتی کی اور اسلام اور مسلمانوں کو برا بھلا کہا۔