اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمین کیلئے مختصر دورانیے کا حج پیکیج متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔ نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے بیان میں کہا کہ 2024ءمیں 18 سے 20 روز کا حج پیکیج بھی دیا جائے گا۔ مختصر حج یا 40 روز کے حج سے متعلق فیصلہ حجاج کرام خود کریں گے۔ وزیر مذہبی امور کا مزید کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ مختصر دورانیے کے اخراجات جنرل حج کے برابر ہوں۔ عام طورپر حج کا پیکیج 35 سے 50 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے جس میں رہائش‘ ہوٹل‘ کھانے اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات ملا کر مجموعی طورپر غیرمعمولی خرچ ہو جاتا ہے۔ گزشتہ برسوں میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے عازمین کی بڑی تعداد کیلئے حج کے اخراجات ناقابل برداشت ہو چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ رواں سال 2023ءمیں پاکستانی شہریوں نے سرکاری قرعہ اندازی میں کوٹے سے بھی کم تعداد میں درخواستیں جمع کروائی تھیں۔
مختصر دورانیے کا حج پیکیج متعارف کروانے کا اعلان، 18سے 20دن پر مشتمل ہوگا: انیق احمد
Sep 26, 2023