لاہور ( سپورٹس رپورٹر) کئی دنوں کی کشمکش اور غیر معمولی تاخیر کے بعد بھارتی حکومت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کردئیے ہیں۔ذرائع کے مطابق بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں شرکت کیلئے پاکستان سکواڈ کے بھارتی ویزے منظور ہوگئے ہیں۔بھارتی حکومت سے کلیئرنس ملنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو آج صبح تک ویزا لگے پاسپورٹس دے دئیے جائیں گے۔ اس سے قبل بھارتی حکومت کی جانب سے این او سی کے اجرا میں تاخیر کی وجہ سے پاکستان ٹیم کی ورلڈکپ کیلئے روانگی غیر یقینی صورتحال کا شکار تھی جس پر پی سی بی نے آئی سی سی کو خط بھی لکھا تھا۔تاہم اب ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پیشرفت سے آگاہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو ویزے جاری کئے جارہے ہیں اور جلد اسکواڈ ممبران کو پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات مل جائیں گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کی علی الصبح بھارت کیلئے روانہ ہوگی جہاں وہ 29 ستمبر کو حیدر آباد میں پہلا وارم اپ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔