دنیا کے امیر ترین شخص کونسا اسمارٹ فون خریدنا چاہتے ہیں؟

Sep 26, 2023 | 17:02

ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور بلومبرگ کے مطابق 230 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔مگرسوال یہ ہے کہ وہ کونسا اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں ، کیا وہ ایپل کا کوئی آئی فون ہے یا انہیں کوئی اینڈرائیڈ فون پسند ہے۔اس کا جواب تو واضح نہیں کہ ابھی وہ کونسا اسمارٹ فون استعمال کر رہے ہیں مگر وہ کونسی ڈیوائس خریدنے والے ہیں، یہ ضرور معلوم ہوگیا ہے۔وہ ہے ایپل کا آئی فون 15۔جی ہاں واقعی ایلون مسک نے خود اعلان کیا ہے کہ وہ آئی فون 15 خریدنے والے ہیں، البتہ یہ واضح نہیں کیا کہ اس سیریز کا کونسا ماڈل وہ خریدنا چاہتے ہیں۔ایلون مسک نے یہ اعلان ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک کی جانب سے ایکس (ٹوئٹر) پر کی جانے والی مختلف پوسٹس پر ریپلائی کرتے ہوئے کیا۔ٹم کک کی جانب سے ایکس پر آئی فون 15 پرو میکس سے کھینچی گئی تصاویر کو پوسٹ کیا گیا تھا۔اس پوسٹ پر ریپلائی کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ آئی فون کی تصاویر اور ویڈیو کی خوبصورت حیران کن ہے۔ٹم کک کی جانب سے نیویارک میں آئی فون 15 کے لانچ کی تصاویر کو بھی ایک اور پوسٹ پر شیئر کیا گیا۔ایپل کے چیف ایگزیکٹو کی اس پوسٹ کے جواب میں ایلون مسک نے لکھا کہ وہ بھی ایک ڈیوائس خریدنے والے ہیں۔خیال رہے کہ آئی فون 15 سیریز کو دنیا کے مختلف ممالک میں 22 ستمبر سے فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا اور اس موقع پر ہزاروں افراد مختلف شہروں کے ایپل اسٹورز کے سامنے قطاروں میں کھڑے نظر آئے۔ایپل نے 12 ستمبر کو آئی فون 15، آئی فون 15 پلس، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس، ایپل واچ 9 سیریز اور ایپل واچ الٹرا 2 متعارف کرائے تھے۔آئی فون 15 سیریز کے ماڈلز دیکھنے میں کافی حد تک گزشتہ سال کے آئی فونز کی طرح ہی ہیں۔مگر اس سال تمام آئی فونز کے ڈسپلے میں ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن موجود ہے جو گزشتہ سال آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود تھا۔آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے۔آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ دی گئی ہے ، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔یہ 11 سال بعد پہلی بار ہے جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں