لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد چیف ایگزیکٹو افسر میاں کاشف اشفاق کی قیادت میں گزشتہ روز مدینہ منورہ روانہ ہوگیا۔ وفد سعودی عرب کی فرنیچر انڈسٹری میں مارکیٹنگ کے مواقع اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لے گا۔ روانگی سے قبل میاں کاشف اشفاق نے کہا اس دورے کا مقصد دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا اور مشرق وسطیٰ کی مارکیٹ میں پاکستانی فرنیچر کی موجودگی کو بڑھانا ہے۔ اقتصادی ترقی کے فروغ اور جدید رحجانات کے تبادلے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون انتہائی ضروری ہے۔ وفد اہم سٹیک ہولڈرز اور بزنس لیڈرز سے ملاقات کرے گا تاکہ باہمی طور پر فائدہ مند حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا جا سکے اور سعودی عرب میں پاکستان کی متنوع فرنیچر انڈسٹری اور دستکاری کی نمائش کی جا سکے۔ یہ دورہ بین الاقوامی مارکیٹوں میں اپنی موجودگی کو بڑھانے اور فرنیچر کے شعبے میں پائیدار کاروباری طریقوں کو فروغ دینے کے عزم کا عکاس ہے۔