لاہور(خصوصی نامہ نگار) جمعیت اہلحدیث کے صدر ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا ہمارے موجودہ خراب معاشی نظام کی بنیادی وجہ جاگیر درانہ،سرمایہ دارانہ اور سودی نظام اورآمرانہ سوچ ہے۔ اس وقت ملک میں اقتدار کی رسہ کشی جاری ہے۔ معاشی استحکام اور ملکی سا لمیت کیلئے تمام پارٹیوں کو اپنی ایکدوسرے کیخلاف کدورتوں رنجشوں کو ختم کرتے ہوئے ایک پیج پر متحد ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام اباد،راولپنڈی، ٹیکسلا کے تظیمی دورے کے موقع پر جماعتی عہدیدران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سردار طارق کو جمعیت اہلحدیث تحصیل ٹیکسلا کا صدر نامزد کیا گیا۔ علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنیوالی دوسری بڑی ریاست ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مذہبی و دینی تحریکوں کی سیاست ملک میں قرآن و سنت کے نفاذ کیلئے ہونی چاہئے۔ 77 سالوں سے پاکستان میں کبھی آمرانہ، سرمایہ درانہ، جاگیردرانہ نظام رائج رہا ہے۔