لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ اوقاف میں ڈینگی آگاہی مہم کے سلسلہ میں سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔آگاہی سیمینار میں سیکرٹری محکمہ اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، ڈی جی اوقات، ایڈیشنل سیکرٹری نبیلہ جاوید و دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ، جامعتہ المنتظر، ادارہ منہاج القرآن، وفاق المدارس، دیگر دینی مدارس اور جامعات کے نمائندگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا میاں شہباز شریف نے 2011 میں ڈینگی آؤٹ بریک پر قابو پانے کا ٹاسک دیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک خدمت انسانیت کرنیوالے انسان کی بڑی اہمیت ہوتی ہے۔ ہمارے دین میں محراب و منبر سے لوگوں کی بھلائی کیلئے پھیلائے جانیوالے پیغام کی بہت اہمیت ہے۔ ریاست پاکستان کی بقاء کیلئے اسے معاشی طاقت بنانا ہوگا۔ صفائی نصف ایمان ہے اور ہمیں اپنے معاشرے کو اس جذبے کے تحت ڈینگی کی لعنت سے پاک کرنا ہے۔ عوام کی سہولت کی خاطر موٹروے پر ایمرجنسی سروسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ہمیں سچ بولنے کی عادت ڈالنی ہو گی۔ ہم ریاست پاکستان کی بہتری اور اپنی آخرت کیلئے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے کہا ڈینگی کے تدارک کے پیغام کو ہر مدرسے تک پہنچائیں گے۔