غزہ ،بیروت(نیٹ نیوز، آئی این پی) اسرائیل کے لبنان پرحملے جاری ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر ابراہیم قبیسی شہید ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیلی حملے میں اپنے کمانڈر کی شہادت کی تصدیق کردی۔ حزب اللہ کے میزائل سسٹم کے سربراہ ابراہیم قبیسی بیروت کے نواحی علاقے میں اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے۔ لبنان میں اسرائیل کے حملوں میں اب تک 570 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں زخمی افراد کی تعداد 1800 ہوگئی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے الضاحیہ علاقے پر حملے کا ہدف حزب اللہ کے رہنما طلال حمیہ تھے۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے پر اسرائیلی حملے میں 6 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ لبنان میں حزب اللہ کے گڑھ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی حملوں کے ردعمل میں حزب اللّٰہ نے اسرائیلی بحری اڈے سمیت کئی اہداف کو نشانہ بنایا۔ حزب اللہ نے غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی دفع تل ابیب کو میزائل سے نشانہ بنایا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے آج صبح اسرائیل کے اہم شہر تل ابیب کے قریب واقع اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ہیڈکواٹر کو قادر ون بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا مگر اسرائیلی دفاعی نظام نے میزائل کو ہوا میں ہی مار گرایا۔ حزب اللہ نے بھی اپنے ایک بیان میں تل ابیب کے قریب قائم موساد ہیڈکواٹر کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم نیغزہ کے فلسطینیوں کی حمایت اور لبنان کے شہریوں کے دفاع کے لیے آج تل ابیب میں موساد ہیڈکواٹر کو میزائل سے نشانہ بنایا۔ جبکہ غزہ میں پناہ گزین کیمپوں اور گھروں پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں، گھر پر فضائی حملے میں ماں 4بچوں سمیت شہید ہوگئی،غزہ میں اسرائیل کی دہشت گردی جاری ہے، پناہ گزین کیمپوں اور گھروں پر حملوں میں 37فلسطینی شہید ہوگئے،عرب میڈیا کے مطابق نصیرات پناہ گزین کیمپ پر بمباری سے 12افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ رفح میں ایک گھر پر فضائی حملے میں ایک ہی خاندان کے 5افراد شہید ہوگئے،اس کے علاوہ وسطی غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں 14فلسطینی شہید ہوئے جبکہ کئی گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔