خیبر پی کے حکومت نے سفارتکاروں کے قافلے پر حملے کی تحقیقات کیلئے 2 رکنی کمیٹی بنادی

پشاور (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) سوات میں غیر ملکی سفارت کاروں کے قافلے پر بم دھماکے کی تحقیقات کے لیے خیبر پی کے حکومت نے 2 رکنی کمیٹی قائم کر دی۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی میں ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن اور سپیشل سیکرٹری داخلہ شامل ہیں، یہ کمیٹی مختلف پہلوؤں سے بم دھماکے کی تحقیقات کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر کے خیبر پی کے حکومت کو ارسال کرے گی۔ پولیس کے مطابق سوات کے علاقے مالم جبہ میں 22 ستمبر کو غیرملکی سفارتکاروں کے قافلے میں شامل پولیس وین پر دھماکا ہوا تھا جس میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوئے تھے۔ جبکہ گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے سوات مالم جبہ قافلے میں شامل 12 غیر ملکی سفیروں کو خطوط ارسال کیے ہیں۔ گورنر نے اپنے خط میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت اور اظہار افسوس کیا جبکہ گورنر نے غیر ملکی سفیروں کے محفوظ رہنے پر اظہار تشکر اور قافلے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ خط میں گورنر نے کہا کہ غیر ملکی سفیروں کو بہت جلد گورنر ہاؤس پشاور مدعو کر کے صوبے کا پرامن چہرہ دکھائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن