طاہر رضا ہمدانی سیکرٹری اطلاعات پنجاب‘ غلام اصغر ڈی جی پی آر تعینات

Sep 26, 2024

لاہور (نیوز رپورٹر) حکومت پنجاب نے متعدد افسروں کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے  ہیں جس کے مطابق سید طاہر رضا ہمدانی سیکرٹری برائے محتسب پنجاب کو تبدیل کر کے سیکرٹری اطلاعات وکلچر پنجاب تعینات کر دیا اور ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سے سیکرٹری اطلاعات و کلچر پنجاب کی اضافی ذمہ داریاں واپس لے لی گئیں۔ ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ پنجاب کو تبدیل کر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس تعینات کر دیا ہے۔ غلام اصغر شاہد ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف آرٹس کو تبدیل کر کے ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ پنجاب تعینات کر دیا۔ تقرری کے منتظر قیصر سلیم کو سیکرٹری برائے محتسب پنجاب تعینات کر دیا۔ خالد نذیر سپیشل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو تبدیل کر کے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن تعینات کر دیا۔ محمد اقبال سپیشل سیکرٹری (آپریشنز) پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کو تبدیل کر کے سپیشل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن تعینات کر دیا۔
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی  نے 1991 میں سول سروس جوائن کی۔ وہ گریڈ 21 کے پی ایم ایس افسر ہیں۔ یونیورسٹی آف پنجاب سے بزنس ایڈمنسٹریشن کے ڈگری حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اراسمس یونیورسٹی نیدر لینڈ سے ڈویلپمنٹ سٹڈیز کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے مختلف محکموں میں ڈپٹی سیکرٹری کے طور پر خدمات سر انجام دینے کے علاوہ ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک کے مختلف منصوبوں میں بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر خدمات سر انجام دیں۔ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس اینڈ پلاننگ ڈائریکٹوریٹ جنرل تعلقات عامہ پنجاب، ایڈیشنل سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر، ایڈیشنل سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز، ڈائریکٹر جنرل پلاک، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن،  ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف پنجاب، ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز کے طور پر خدمات سر انجام دیں۔ سید طاہر رضا ہمدانی نے 24 مئی 2022 کو بطور سیکرٹری برائے محتسب آفس ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

مزیدخبریں