اسلام آباد+بیجنگ (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے بیجنگ میں عالمی پائیدار ٹرانسپورٹ فورم سے ویڈیو لنک پر خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ مؤثر ٹرانسپورٹ کیلئے پائیدار انفراسٹرکچر لازمی ہے۔ پائیدار ترقی کیلئے چین سے مل کر کام کریں گے۔ رکن ممالک میں پائیدار ٹرانسپورٹ تعاون چاہتے ہیں۔ پائیدار ترقی کے فروغ‘ علاقائی و عالمی معاشی ترقی میں چین کا کردار قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان نے خواتین کیلئے خصوصی پنک بسیں متعارف کروائیں۔ پاکستان کو بنیادی ڈھانچے کی پائیدار دیکھ بھال‘ موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ پانچ سال میں سیلاب‘ بارش‘ موسمی حالات نے پاکستانی ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے لئے تیار ہیں جس سے معاشی ترقی کے نئے باب کا اضافہ ہوگا۔ بیجنگ چین میں گلوبل گورننس پر عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ اکنامک زونز، ایکسپورٹ، انرجی، ایکویٹی اور انوائرمنٹ کے پانچ ایز کے لئے تیار ہیں۔ سی پیک کا تذکرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین پرکشش سرمایہ کاری کے لئے بزنس ٹو بزنس اور جوائنٹ وینچرز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر روڈ انفراسٹرکچر کے ساتھ صنعتی ترقی میں اضافے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ وسط ایشیائی ممالک کے لئے گوادر پورٹ ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ورلڈ میری ٹائم ڈے پر پیغام میں کہا کہ ہم ورلڈ میری ٹائم ڈے منا رہے ہیں اور اس سال کا موضوع، مستقبل میں نیویگیٹنگ: سیفٹی فرسٹ'، سمندری حفاظت اور سلامتی کو آگے بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ ہم نہ صرف آپریشنل کارکردگی کو بڑھا سکتے ہیں بلکہ اپنی آنے والی نسلوں کے لیے سمندری ماحول کی حفاظت بھی کر سکتے ہیں۔