پنجاب کے عوام کو دہشت گرد نہیں بننے دوں گی، قانون توڑو گے تو منہ توڑ جواب ملے گا: مریم نواز

Sep 26, 2024

پنجاب کے عوام کو دہشت گرد نہیں بننے دوں گی، قانون توڑو گے تو منہ توڑ جواب ملے گا: مریم نواز
پنجاب کے عوام کو دہشت گرد نہیں بننے دوں گی، قانون توڑو گے تو منہ توڑ جواب ملے گا: مریم نواز

فیصل آباد، لاہور (نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خیبر پی کے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نوازشریف پنجاب کے عوام کو دہشتگرد نہیں بننے دے گی۔ پنجاب کی سرحد میں آکر قانون توڑو گے تو منہ توڑ جواب ملے گا۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے فیصل آباد یونیورسٹی آف ایگریکلچر میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایگریکلچر گریجوایٹ انٹرن شپ پروگرام لانچ کردیا۔ ایک ہزار ایگریکلچر گریجوایٹس کو ماہانہ 60ہزار روپے سکالر شپ دیا جائے گا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے ایگریکلچر گریجوایٹس طلبا و طالبات میں اپوئنمنٹ لیٹر تقسیم کئے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے یونیورسٹی آف ایگریکلچرکے اساتذہ اور طلبہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔وزیر اعلیٰ نے طلبہ کے پاس جا کر میرٹ پر سلیکشن کے بارے میں دریافت کیا، طلبہ نے سیلفیاں بھی بنوائیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نعت رسول مقبول پیش کرنے والی طالبہ انیلہ حسین کو اپنی نشست سے اٹھ کر شاباش دی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آج ہم پاکستان کے سب سے بڑے تاریخی کسان پیکج پر عملدرآمد کاآغاز کررہے ہیں۔ کسان پیکج پر عملاً کام کر کے آئی ہوں، طلبہ کا یہاں ہونااور انٹرن شپ لیٹر وصول کرنا اس بات کا ثبو ت کہ کسان پیکیج پر نہایت قلیل مدت میں عملدآمد شروع ہوگیا ہے۔جب کوئی نوجوانوں کو استعمال کرتا ہے تو سیاست بدنام ہوتی ہے۔ مجھے ایک نوجوان کھڑا ہوکر بتادے کہ کسی ایک نوجوان کو پچھلے چھ سال میں میرٹ پر کوئی نوکری ملی ہوں۔ ماضی کی روایات کو توڑا، پارٹی کی ناراضگی لی، میری کیبنٹ میں 95 فیصد نوجوان ہیں۔ میری کابینہ میں پڑھے لکھے محنتی نوجوان ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ میں حلفاً یہ بات کہتی ہوں کہ ان نوجوانوں میں سے کسی ایک کو بھی نوکری کسی سفارش پر نہیں دی گئی بلکہ میرٹ پر ملی ہے۔اس طرح کی شفافیت کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی۔ آج میاں محمد نوازشریف سے غیر ملکی سفیر نے پوچھا کہ سیاسی انتشار کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے۔ نوجوانوں سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ کیا آپ ایسا پاکستان چاہتے ہیں کہ جس کے اندر گالی گلوچ ہو اور جھوٹے الزامات کی بھرمار ہو۔ میر ے مخالفین نے کوئی کام کرنا نہیں ہے اور جب بات کرتے ہیں تو منہ سے غلاظت کے ڈھیر نکلتے ہیں۔کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم کا نظام نہیں چل سکتا کیونکہ ظلم جھوٹ کی بنیاد پر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس ہسپتال میں جاتی ہوں مجھے خیبر پختونخوا سے آئے ہوئے مریض ملتے ہیں۔ خیبرپی کے کی حکومت کی واحد ترجیح دوسرے صوبے میں جاکر انتشار پھیلانا ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ مجھے مخالف نعروں سے ڈر نہیں لگتا اور میں حق بات کہنے سے بعض نہیں آؤں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج سے پہلے کسی حکومت نے بچیوں کی حفاظت کے لئے کوئی قدم اٹھایا ہو۔ہم نے ورچوئل پولیس اسٹیشن کے ذریعے بچیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے۔ انٹرن شپ پروگرام کے لئے پانچ ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جس میں سے ایک ہزار سلیکٹ ہوئے۔ان تمام نوجوانوں کا تعلق ایگریکلچر یونیورسٹیز سے ہے اور ان کی عمر 25سال سے کم ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے کہ ان میں سے 25فیصد بچیاں ہیں۔آپ سب میرے اور کسانوں کے درمیان رابطے کا ذریعہ ہیں۔ اگلے سال تاریخ کا سب سے بڑا 400ارب روپے کا کسان پیکج لیکر آرہے ہیں۔ ہم نے اس سال فیصلہ کیا ہے کہ حکومت گندم نہیں خریدے گی۔حکومت گندم کسانوں سے نہیں بلکہ مافیا اور آڑھتیوں سے خریدتی ہے جنہوں نے کسانوں کو یرغمال بنا یا ہوا تھا۔ اس پورے عمل میں بے تحاشہ کرپشن ہوتی ہے، ایک ایک باردانہ کا تھیلا کئی کئی ہزار کا بکتا ہے۔کسان کو کبھی حکومت کا مقرر کردہ نرخ نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ اس کرپشن کو روک کر روٹی کی قیمت میں نمایاں کمی لائے ہیں۔ پنجاب کے علاوہ کسی صوبے میں روٹی 12یا13 روپے کی نہیں ہے۔ ہم چھوٹے کسان کو فصل کے لئے ڈیڑھ لاکھ کا بلا سود قرضہ دینے جارہے ہیں۔ کسان کارڈ کیلئے ہمیں پورے پنجاب سے دس لاکھ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ سارھے تین لاکھ کسان اہل قرار دیئے گئے ہیں جن کے کارڈ ز کی تقسیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ 15اکتوبر سے کسان کارڈ فعال کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گرین ٹریکٹر سکیم کا آغاز کیا ہے جس میں 40لاکھ روپے کے ٹریکٹر کی قیمت میں سے 10لاکھ حکومت ادا کرے گی۔چھوٹے کسان کے لئے 25 لاکھ روپے مالیت کے ٹریکٹر پرحکومت 10لاکھ روپے سبسڈی دے گی۔ اپنی چھت اپنا گھر سکیم میں 8لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بہاولپور، ملتان، ساہیوال اور دیگر شہروں میں ایگریکلچر مالز بنانے لگے ہیں جہاں کسان کو ایک چھت تلے تمام سہولیات میسر ہونگی۔ ہم کسان کے لئے زرعی بنک بنانے کے قریب ہیں جس کو جلد لانچ کر دیا جائے گا۔ ہم ٹیوب ویلز کو سولرائزیشن کی طرف لیکر جارہے ہیں۔ جو شہدا کی یادگاروں پر حملے کا درس دے اس کا ساتھ مت دیں۔ اس کے اپنے بچے تو باہر بیٹھے ہیں لیکن پاکستان کے نوجوانوں کو اپنے فرائض اور روزگار چھوڑ کر روز سڑک پر آنے کا کہتا ہے۔ جو نوجوان نو مئی کے مقدمات میں گرفتار ہیں ان کا کوئی پر سان حال نہیں ہے۔ ایک وزیر اعلیٰ پنجاب کی حدود میں آکر حملہ آور ہوا اور اے کے 47 سے ایک بس کے شیشے توڑ دیا۔اپنے صوبے میں جاری غنڈہ گردی اور دہشتگردی کو قابو کرو۔ انہوں نے کہا کہ تمارے اپنے لوگ بھوک اور بیماری سے مررہے ہیں ان پر توجہ دو۔پنجاب ایک قاعدہ اور قانون کے تحت چلتا ہے ان کا جلسہ دو پولیس اہلکاروں نے مقررہ وقت پر ختم کرادیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت کمشنر آفس فیصل آباد میں اجلاس منعقد ہوا جس میں مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی- اجلاس میں لاہور کے بعد فیصل آباد میں پاکستان کا دوسرا آئی ٹی سٹی اور سفاری پارک بنانے کی تجویز پر اتفاق کیاگیا- وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہاکہ فیصل آباد میں اگلا آئی ٹی سٹی اور بین الاقوامی معیار کا سفاری پارک بنایا جائے گا-فیصل آباد شہر میں اگلے سال سے میٹرو بس پراجیکٹ بنے گا-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں بین الاقوامی معیار کا سفاری پارک قائم کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو فیصل آباد ڈویڑن میں جاری صحت، تعلیم، روڈز، انفراسٹرکچر اور میونسپل سروسز پراجیکٹس اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفننگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے روٹی آٹا اور اشیا خورد و نوش کے نرخ پر مکمل کنٹرول رکھنے اور کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انتظامیہ اور پولیس حکام کو عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری لگانے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس کے دوران سیکریٹری تعمیرات و مواصلات کو فون پر فیصل آباد شیخوپورہ روڈ کی اپ گریڈیشن کرنے کی ہدایت کی ۔ ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کوستھرا پنجاب، ڈرینج، تجاوزات کے خاتمے اور روڈز اپ گریڈیشن پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ضلعی انتظامیہ کو ارکان اسمبلی کے ساتھ کوآرڈینیشن بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نواز شریف اوروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عوامی جمہوریہ چین کے سفیرجیانگ زیاڈونگ نے ملاقات کی جس میں ٹیکنالوجی،بزنس اور سرمایہ کاری کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیاگیا-چین کے سفیرجیانگ زیاڈونگ نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دی-وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے دورے کی دعوت شکریہ کے ساتھ قبول کر لی-وزیراعلی مریم نواز شریف نے چین کے لئے خصوصی ’’چائنا اکنامک زون‘‘ قائم کرنے کی پیشکش کی- وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ چین کے ساتھ مل کر معاشی معجزے برپا کر سکتے ہیں۔پنجاب میں چینی دوستوں کا خیرمقدم کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔چین کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہاکہ چین ہمارا بااعتماددوست ملک ہے،تعلقات پر فخر ہے۔مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کے لئے بہت سے فلاحی منصوبے لارہی ہیں۔محمد نوازشریف نے کہاکہ انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔چین کی معاونت سے ٹیکنالوجی میں جدت لانا چاہتے ہیں۔ڈیری پروڈکشن کے لئے چینی مہارتوں سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔چین کے سفیر جیانگ زیاڈونگ نے پنجاب میں ہائبرڈ بیج کی کاشت 5لاکھ سے بڑھانے کی پیشکش کی-انہو ں نے کہاکہ پنجاب میں 5لاکھ ایکڑ پر ہائبرڈ بیج کاشت کیا گیا،رقبہ مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔پاکستان کے ایک ہزار کاشتکاروں کو جدید فارمنگ ٹیکنیک کی ٹریننگ دیں گے۔

مزیدخبریں