لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما غلام محی الدین دیوان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پٹیشن کے متن میں موجود خامیوں پر درخواست ایک لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ مسترد کردی۔ عدالت نے پٹیشن میں موجود خامیوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیاکہ ابھی توہین عدالت کا نوٹس جاری کروں تو وکیل جلوس لیکر یہاں پہنچ جائیں گے۔ عدالت نے ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کیا۔ ابھی کمرہ عدالت سے پائوں باہر بھی نہیں ہوتا اور نئی پٹیشن آجاتی ہے، یہ طریقہ کار اب عدالت چلنے نہیں دے گی۔ پہلے متعلقہ اتھارٹی سے رجوع کرنے کی بجائے عدالت کیوں پہنچ جاتے ہیں؟۔ درخواست پر کورئیر کرکے جواب کا انتظار کیوں نہیں کیاجاتا، ایسی پٹیشنز سے عدلیہ کو مقدمات کے دبائو کا سامنا ہے۔ غلام محی الدین دیوان کے وکیل میاں علی اشفاق نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پولیس کی جانب سے مقدمات کی فہرست فراہم نہیں کی جا رہی ہے، کسی بھی نامعلوم مقدمے میں گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت درج مقدمات کی تفصیلات پیش کرنے سے متعلق اداروں کو احکامات جاری کرے۔