مظفرآباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے مسلم لیگ (ن) آزاد جموں کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ڈھونگ انتخابات، آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور مجموعی سیاسی صورتحال سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جعلی انتخابات کروا رہا ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہو گا، ڈھونگ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔ انتخابات کی کوئی قانونی یا اخلاقی، یا آئینی بنیاد نہیں ہے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔