پی ٹی آئی نے مینار پاکستان، لیاقت باغ میں جلسوں کیلئے ہائیکورٹ میں مزید درخواستیں دائر کر دیں

Sep 26, 2024

راولپنڈی، لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے ،خبرنگار، نوائے وقت رپورٹ)  تحریک انصاف نے مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں نئی درخواست دائر کردی۔ گذشتہ روز سینئر نائب صدر پنجاب نے بھی ڈی سی لاہور کو مینار پاکستان پر جلسے کیلئے درخواست جمع کرائی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 5 اکتوبر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سالگرہ ہے اس لیے مینار پاکستان کے گرائونڈ میں جلسے کی اجازت دی جائے۔ جبکہ تحریک انصاف نے لیاقت باغ میں جلسے کے لیے ہائی کورٹ راولپنڈی بنج میں بھی درخواست دائرکردی۔ ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ آج پی ٹی آئی کی لیاقت باغ میں جلسے سے متعلق درخواست کی سماعت کرے گا۔ پی ٹی آئی کے ضلعی صدر چوہدری امیر افضل نے ہائی کورٹ بنچ میں درخواست دائر کی۔ لیاقت باغ یا بھاٹہ چوک منڈی میں جلسے کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔ انتظامیہ کے احکامات کی پابندی کریں گے اور 28 ستمبر کو پرامن جلسہ ہوگا۔

مزیدخبریں