اسلامی نظریانی کونسل وفد کا دورہ چین ،مسلم وکمیونسٹ پارٹی رہنمائوں سے تبادلہ خیال

لاہور(خصوصی نامہ نگار)  اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کی سربراہی میں علماء کا 11 رکنی وفد چین کا 10 روزہ کامیاب دورہ کر کے واپس آگیا۔وفد کو بیجنگ، شیان، کاشغر اور ارمچی شہر لے جایا گیا۔وزارت خارجہ کے نمائندوں ، مختلف شہروں میں مساجد کی کمیٹیوں اور کمیونسٹ پارٹی کے رہنمائوں سے تبادلہ خیال ہوا۔ وفد کو شیان کی قدیمی مسجد، کاشغر کی عیدگاہ مسجد اور سنکیانگ مسلم انسٹیٹیوٹ کا دورہ بھی کروایا گیا۔ مسلم رہنمائوں شیخ عبدالرقیب، شیخ ابراہیم اور شیخ جمعہ سے ملاقات بھی ہوئی۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا  مغربی چین کے آخری مسلم صوبہ سنکیانگ کے مسلمان چینی حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے معاشی اور مذہبی آزادی کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔ چینی حکومت مذہبی اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تعمیر نو اور رسوم و رواج کی ادائیگی کی طرف توجہ دے رہی ہے۔ اسلامک ایسوسی ایشن آف سنکیانگ کے زیرنگرانی مسلم انسٹیٹیوٹ میں مساجد کے لیے آئمہ اور خطباء تیار کیے جا رہے ہیں۔ وفد نے کاشغر میں صوفی بزرگ خواجہ آفاق نقشبندی کے مزار پر بھی حاضری دی۔ وفد میں بیرسٹر ظفر اللہ خان، مولانا حامد الحق حقانی، مولانا محمد ادریس، علامہ اللہ بخش کلیار، مولانا محمد طاہر، مولانا عبدالوحید اور دیگر شامل تھے۔ وفد کا دورہ پاک چین تعلقات اور خصوصاً مسلم کمیونٹی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس سے پاک چین دوستی کو تقویت ملے گی۔ کامیاب دورہ پر چینی سفارت خانہ اور وزارت خارجہ کے مشکور ہیں۔

ای پیپر دی نیشن