اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے سمندری آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اپنے بحری ماحولیاتی نظام اور ساحلی علاقوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔صدر آصف زرداری نے ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس سال کے میری ٹائم ڈے کا موضوع سمندری حفاظت اور سلامتی کو آگے بڑ ھانے کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دن بین الاقوامی سمندری تجارت کے بلا تعطل بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے زیادہ موثر اور محفوظ شپنگ ماحول کی ضرورت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔آصف زرداری نے کہا کہ میری ٹائم ڈے کا موضوع ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے اور جدید اور تکنیکی بحری طریقوں کو اپنانے کے لیے فعال اقدامات کا مطالبہ کرتا ہے. اس سے نہ صرف ہم اپنی آپریشنل بحری کارکردگی کو بڑھا سکتے ہیں بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنا سکتے ہیں کہ اگلی نسل کو فروغ پزیر اور پائیداری بحری ماحول ورثہ میں ملے۔انکا کہنا تھا کہ بحری شعبہ عالمی تجارت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جو اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع پیداکرنے اور بین الاقوامی تعاون کو آسان بنانے میں معاون کردار ادا کرتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس عالمی دن کے موقع پر پاکستان سمندری آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم چیلنجوں سے نمٹ کر اپنے بحری ماحولیاتی نظام اور ساحلی علاقوں کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان، انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے فعال رکن کے طور پر بین الاقوامی ضوابط اور معیار کی پاسداری کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف آئی ایم او کنونشنزسے اتفاق کیا ہے بشمول ہانگ کانگ کنونشن برائے محفوظ اور ماحولیاتی بحری جہازوں کی ری سائیکلنگ جو ماحولیاتی تحفظ اور میری ٹائم آپریشنز کی حفاظت کے لیے پاکستان کے عزم کو واضح کرتا ہے۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان سمندری آلودگی سے نمٹنے کے لیے اپنے ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط بنانے، بحری فضلے کے انتظام کو بہتر بنانے اور کمیونٹی کی مدد سے چلنے والے منصوبوں کو وسعت دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ سمندری ماحولیاتی نظام کو درپیش ماحولیاتی نقصان کو کم کرنے کے لیے حکومتی اداروں، بین الاقوامی تنظیموں، این جی اوز اور مقامی کمیونیٹیزکے درمیان تعاون ضروری ہے. آج ور لڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر ہم حفاظتی معیار کو بہتر بنانے، ماحول دوست طرزِ عمل اپنانے اور سمندری مسافروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات اٹھانے کا اعادہ کریں۔
بحری شعبہ عالمی تجارت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے:صدر مملکت
Sep 26, 2024 | 17:38