وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان ہمارا فخر ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 8 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا. سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان ہمارا فخر ہیں اور ہمیں ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر ناز ہے. فتنہ الخوارج کے دہشتگرد دھرتی کا بوجھ ہیں اور قوم کی حمایت سے اس دھرتی سے خوارجی دہشتگردوں کا صفایا کریں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
واضح رہے کہ رزمک میں ہونے والے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خارجیوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 8 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔