تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا اجلاس سیکرٹری چوہدری عبدالرؤف کی سربراہی میں ہوا اجلاس میں کمیٹی کے دیگر دو ارکان صوبہ خیبرپختونوا کے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ فیاض احمد طورو اور ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل سجاد غنی نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے اس وقت کے پولیس افسروں سعود عزیز، یاسین فاروق، اشفاق انور اور خرم شہزاد کے بیان قلمبند کر لئے ہیں جبکہ سابق ڈائریکٹر جنرل ملٹری انٹیلی جنس میجر جنرل ندیم اعجاز کی طرف سے کل بیان قلمبند کئے جانے کا امکان ہے۔ ندیم اعجاز سابق صدر پرویز مشرف کی اہلیہ صہبا مشرف کے قریبی عزیز ہیں۔ وزیراعظم گیلانی نے اقوام متحدہ کی تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنائی تھی۔ پاکستانی تاریخ مییں یہ پہلا موقع ہوگا جب کسی حاضر سروس میجر جنرل سے سویلین اتھارٹیز تحقیقات کر رہی ہیں۔