جہلم + راولپنڈی (آن لائن + جی این آئی) پاک فوج کی سب سے بڑی جنگی مشقوں عزم نو سوئم کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے ساتھ ہی پیر کو بلیولینڈ اور فاکس لینڈ فورس میں گھمسان کی لڑائی ہوئی ہے اور دشمن نے پاکستانی علاقوں پر قبضہ کرنے کے لئے پیشقدمی شروع کر دی ہے جس پر پاک فوج دیوار بن گئی اور دشمن کی پیشقدمی کو روکنے اور ناکام بنانے کے لئے پاک فضائیہ کی مدد بھی حاصل کر لی گئی‘ یہ تمام مناظر عزم نو سوئم کے دوسرے مرحلے کے موقع پر گوجرانوالہ اور جہلم کے علاقوں میں دیکھنے میں آئے، دوسرے مرحلے میں بھی بیس ہزار سے زائد فوجی جوان اور افسران حصہ لے رہے ہیں۔ عسکری حکام کے مطابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پیر کو گجرات اور جلال پور جٹاں کے علاقوں میں عزم نو سوئم کے دوسرے مرحلے کے تحت جاری مشقوں کا معائنہ کیا اور فوجی جوانوں اور افسران سے ملے اور ان کے پیشہ ورانہ آپریشنل صلاحیتوں اور تیاریوں پر مکمل اطمینان ظاہر کیا۔ اس موقع پر منگلا کے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔ ان مشقوں میں بھی پاک فضائیہ کی مدد حاصل کی گئی ہے اور فوج اپنی بھرپور حربی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ دشمن کی فوج کو فاکس لینڈ کا نام دیا گیا ہے جس نے دوسرے مرحلے کے آغاز پر ہی سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری کے ساتھ مختلف علاقوں سے پاکستانی علاقوں پر حملہ کیا جس پر پاک فوج فوری حرکت میں آئی اور بلیو لینڈ فورس نے ان کی پیشقدمی روک دی۔