پاکستان ‘بھارت تجارتی مذاکرات آج اسلام آباد میں ہونگے :برےک تھرو کا امکان نہیں‘رائٹرز

Apr 27, 2011

سفیر یاؤ جنگ
لاہور + اسلام آباد (مانیٹرنگ نیوز + این این آئی + آن لائن + رائٹرز) پاکستان اور بھارت کے سیکرٹریز تجارت کی سطح پر دو روزہ مذاکرات آج اسلام آباد میں شروع ہوں گے اور اس سلسلہ میں بھارتی سیکرٹری تجارت راہول کھلر کی قیادت میں 6 رکنی بھارتی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔ پاکستان کی طرف سے سیکرٹری تجارت ظفر محمود وفد کی قیادت کریں گے۔ ادھر لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی سیکرٹری تجارت راہول کھلرنے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لئے تجارت کا فروغ اہم ہے‘ پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا کوئی باضابطہ ایجنڈا نہیں ہے۔ دوسری طرف رائٹرز کے مطابق مذاکرات میں کسی بریک تھرو کا امکان نہیں ہے جبکہ ایک پاکستانی تجارتی عہدےدار نے کہا ہے کہ مذاکرات معاملات کو ٹریک پر لانے کے لئے مدد دے سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق بھارت پاکستان کو بجلی کی فراہمی سمیت پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے کی پیشکش کرے گا جبکہ اڑھائی برس بعد دونوں ممالک میں شروع ہونے والے ان تجارتی مذاکرات میں زمینی راستوں سے تجارت کے فروغ‘ نقل و حمل میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے علاوہ پاکستان بھارت سرحد پر فری ٹریڈ زونز کے قیام‘ مشترکہ چیمبرز کی تشکیل‘ ایک دوسرے کے ملک میں بنک کھولنے سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ثناءنیوز کے مطابق آزاد کشمیر و مقبوضہ جموں و کشمیر جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے صدر ذوالفقار عباسی نے کہا ہے کہ تجارتی مذاکرات میں کنٹرول لائن کی تجارت کے معاملے کو شامل کیا جائے۔
پاکستان بھارت تجارتی مذاکرات
مزیدخبریں