لاہور (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطاءبندیال نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں قابل اور خوش مزاج ججوں کا اضافہ کیا جائیگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے ججوں کی تقرری آسان کام نہیں ہے۔ ارجنٹ سیل کے قیام سے وکلاءاور سائلین دونوں کو فائدہ ہوگا۔ ہمارا اولین مقصد عوام کو فوری انصاف کی فراہمی ہے۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے دیگر فاضل جج صاحبان کے ہمراہ ارجنٹ سیل کا افتتاح کیا جہاں اب ایک چھت کے نیچے ہر قسم کے مقدمات دائر ہو سکیں گے۔ ان مقدمات پر اٹھنے والے اعتراضات کو بھی موقع پر دور کیا جا سکے گا۔ ہر سائل کو ایک ٹوکن اور متعلقہ اہلکار کا سیٹ نمبر فراہم کیا جائےگا جو اپنی باری پر مقدمہ دائر کر سکے گا اور ٹوکن کے حامل وکلاءحضرات کو ترجیح دی جائے گی۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے عدالت عالیہ میں ارجنٹ سیل کا افتتاح کر دیا۔ عدالت عالیہ کے دیگر فاضل ججز ڈائریکٹر جنرل پنجاب جوڈیشل اکیڈمی جسٹس ریٹائرڈ جمشید علی شاہ، کورٹ بار کے عہدیدار، سینئر وکلائ، انتظامی افسر اور عدالتی اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سیل میں سائلین کی رہنمائی کےلئے معلوماتی کاﺅ نٹر قائم کیا گیا۔ سیل میں تمام اقسام کے مقدمات مثلاً سول، فوجداری، آئینی، رٹ پٹیشنز اور اپیلیں موصول کی جائیں گی اور موقع پر ہی چیک کر کے ممکنہ اعتراضات کی نشاندہی کی جائے گی۔ وکلاءپارٹیوں کے موبائل نمبرز اور ای میل ایڈریس سے متعلق معلومات درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔