لاہور (نیوز رپورٹر) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کمپنی نے گیس بلوں کے نادہندہ 22وفاقی اور صوبائی محکموںکے کنکشن منقطع کر دیئے ہیں اور انہیں واجبات ادا کرنے کے حتمی نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔ان محکموں کے ذمے سوئی ناردرن گیس کمپنی کے پونے دو کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے جن نادہندہ محکموں کے کنکشن منقطع کئے گئے ہیں ان میں سرفہرست ڈسٹرکٹ جیل ملتان ہے جس کے ذمے 85لاکھ 58ہزار روپے واجب الادا ہیں۔ لسٹ کے مطابق سرکٹ ہاﺅس بہاولپور نے 12لاکھ کروپے، عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات نے 12لاکھ روپے، ریلوے ریسٹ ہاﺅس لاہور 5لاکھ43ہزار روپے،پٹاک فیروز پور روڈ 5لاکھ35ہزار روپے، ڈی سی آفس لاہور 5لاکھ 16ہزار روپے ،ڈی سی آفس بہاولپور 3لاکھ روپے، ڈائریکٹر آف سوشل ویلفیئر لاہور 2لاکھ روپے، ریلوے پولیس لاہور ایک لاکھ 69ہزار روپے ،سیکرٹری ٹو چیف منسٹر لاہور ڈیڑھ لاکھ روپے ،ناظم آفس عزیز بھٹی ٹاﺅن 70ہزار روپے کے گیس کے بلوں کے نادہندہ ہیں۔ سوئی گیس کے حکام کا کہنا ہے کہ نادہندہ محکمے جب تک واجبات ادا نہیں کریں گے ان کے گیس کنکشن بحال نہیں کئے جائیں گے ۔ابھی پہلی لسٹ جاری کی گئی ہے اس طرح نادہندہ وفاقی اور صوبائی محکموں کی مزید لسٹیں جاری کی جائیں گی۔
پونے دو کروڑ روپے کے نادہندہ 22 وفاقی و صوبائی محکموں کے گیس کنکشن منقطع
Apr 27, 2013