اسلام آباد +نئی دہلی (اے پی پی+نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے پاکستان میں عام انتخابات کو مثبت علامت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں جمہوری حکومت کی شفاف تبدیلی کا یہ عمل جاری رہے گا۔ امریکی ریڈیو کو انٹرویو میں بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان میں منتخب حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اگلی حکومت بھی اسی طرح پانچ سالہ مدت پوری کرے گی۔ سلمان خورشید نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت پاکستان کے ساتھ مثبت اور خوشگوار تعلقات پر یقین رکھتی ہے۔ پاکستان میں اب نمایاں تبدیلی آ گئی ہے اور عوام دونوں ملکوں کے درمیان امن کے خواہاں ہیں۔ پاکستان کی جانب سے امن کی خواہش کا خیرمقدم کرینگے۔ پاکستان کی امن کی خواہش دونوں ملکوں کیلئے اچھی بات ہے۔ افغان امن عمل افغانستان کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہئے۔