لاہور (نیوز رپورٹر) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خلاف موثر اقدامات کے لئے وفاقی محکموں کو صوبائی محکمہ صحت اور ضلعی حکومت کے ساتھ مل کر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ ڈینگی کی روک تھام کے لئے وفاقی محکمے اپنے دفاتر کی حدود، رہائشی کالونیوں اور تعلیمی اداروں میں ڈینگی سرویلنس کے اقدامات اور آگاہی مہم چلانے کے پابند ہیں۔ صوبائی حکومت ان کی ہر طرح سے مدد کے لئے تیار ہے۔ انہوںنے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں ڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں لاہور میں واقع وفاقی محکموں کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی محکموں کے افسران کو ڈینگی کی صورتحال اور اس کی روک تھام بارے بریفنگ دی گئی۔