میران شاہ (نیٹ نیوز) شمالی وزیرستان میں افغان سرحد کے قریب زمین کے تنازع پر دو قبائل کے درمیان 3 روز سے جاری تصادم کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بی بی سی کے مطابق لواڑہ منڈی میں سرحد کے دونوں جانب آباد مداخیل اور پیپلی کبل خیل قبائل کے مابین گزشتہ کئی دنوں سے پہاڑی کی ملکیت کے تنازعے پر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ تین دنوں سے اس لڑائی میں شدت آئی ہے اور فریقین نے مورچہ زن ہوکر ایک دوسرے کے ٹھکانوں پر راکٹ لانچروں اور میزائلوں سے حملے کئے۔ وزیرستان کے مقامی صحافیوں نے بتایا جس پہاڑی کی ملکیت پر لڑائی ہو رہی ہے۔ اس علاقے میں غیر ملکی افواج نے کچھ عرصہ پہلے تک سرحد پر نگرانی کیلئے ایک کمیپ بنا ہوا تھا اور وہاں سے مقامی قبائل کو بے دخل کیا گیا تھا۔ غیر ملکی افواج اب وہ علاقہ چھوڑ کر وہاں سے چلے گئے ہیں جس کے بعد سے وہاں ایک قبیلے نے آکر قبضہ جما لیا جبکہ مخالف قبیلے کا دعویٰ ہے کہ پہاڑی ان کی ملکیت ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ متذکرہ پہاڑی افغانستان کی حدود میں ہے۔