کابل+اسد آباد ( اے ایف پی+ نیوز ایجنسیاں) افغانستان کے جنوبی علاقے میں برطانیہ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 5 فوجی ہلاک ہو گئے۔ طالبان نے میزائل مار کر گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ صوبائی پولیس کے ترجمان نے بتایا ہیلی کاپٹر قندھار میں معمول کی پرواز پر تھا، تختہ پل کے قریب فنی خرابی کے سبب گر گیا۔ ادھر حزب اسلامی افغانستان کے جنگجوئوں نے ایک امریکی جاسوس طیارہ گرانے کا دعویٰ کیا ہے افغان طالبان نے نیٹو کا ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی صوبہ قندھار کے تختہ پل ضلع میں عمل میں لائی گئی۔ دوسری جانب افغان وزارت داخلہ نے ملک بھر کے مختلف صوبوں میں جاری آپریشن کے دوران 16طالبان شہید اور11کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ مارے جانے والوں میں پانچ طالبان کمانڈر بھی شامل ہیں۔ ہفتہ کو حزب اسلامی کے ترجمان ہارون زرغن نے این این آئی کو بتایا حزب اسلامی کے جنگجوئوں نے ہفتے کی صبح مشرقی صوبے کنٹر کے شیگل ضلع میں امریکی ڈرون طیارہ مار گرایا جو پہاڑی علاقوں پر پرواز کر رہا تھا۔ نیٹو فورسز کے ترجمان کا طالبان کی جانب سے کارروائی کے خدشے کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا جبکہ ہیلی کاپٹر میں آگ لگ جانے سے فوجیوں کی ہلاکتیں ہوئیں تاہم فوجیوں کا تعلق کس ملک سے ہے اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ برطانوی حکام نے تصدیق کر دی ہے کہ تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر برطانوی تھا تاہم اس پر سوار افراد کی قومیتوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ برطانوی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ جنوبی افغانستان میں ایک برطانوی ہیلی کاپٹر تباہ ہوا ہے۔ ترجمان کے مطابق اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ہلاک شدگان کے اہلِ خانہ کو مطلع کرنے سے پہلے مزید تبصرہ کرنا نامناسب ہو گا۔