اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) گلگت بلتستان میں گندم پر سبسڈی بحالی کے معاملے پر حکومتی کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی میں مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ گندم پر سبسڈی کی بحالی سے متعلق نوٹیفکیشن آئندہ دو دن کے اندر جاری کردیا جائے گا۔ رہنما عوامی ایکشن کمیٹی نے وزیراعظم کی اپیل پر سبسڈی کی بحالی پر دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ گزشتہ روز گندم سبسڈی کے مسئلہ پر حکومتی کمیٹی اور گلگت بلتستان ایکشن کمیٹی کا اجلاس وزارت امور کشمیر میں وزیر امور کشمیر برجیس طاہر کی صدارت میں ہوا۔ ایکشن کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم پاکستان کا نوٹس لینے اور فراخدلی کا مظاہرہ کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔ دونوں کمیٹیوں نے اپنی سفارشات مکمل کرلیں جوکہ وزیراعظم نواز شریف کو حتمی منظوری کے لئے بھجوائی جائیں گی۔