پورن شانگلہ (این این آئی) وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے، بڑے بڑے چیلینجز سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ڈٹ کرمقابلہ کیا جا رہا ہے، جن میں ملک سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ اور ملک میں معاشی استحکام سرفہرست ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ شانگلہ میں عمائدین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں کی بدولت ڈالر کی قیمت ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 110روپے سے کم ہوئی، اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، اور ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے اور ملک کو تاریکیوں سے نکالنے کیلئے بڑے بڑے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔