لاہور، اسلام آباد (خبرنگار+ وقائع نگار خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کردیا۔ عمران خان کو اخلاقی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی عدالت کا فیصلہ قبول کرنا چاہئے اور دھاندلی کے الزامات واپس لینے چاہئیں۔ عمران نے پارلیمنٹ کو جعلی اور چور قرار دیا اور دوبارہ پھر وہاں جا بیٹھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ عوام نے 11 مئی 2013ء کے فیصلے کی توثیق کردی۔ چونگی امرسدھو میں تحریک انصاف کے حامیوں نے فائرنگ کرکے مسلم لیگ (ن) کے 9 کارکنوں کو زخمی کیا۔ ہم چاہتے تو عمران کیخلاف مقدمہ درج کراسکتے تھے لیکن تحریک انصاف کے امیدوار کے موقع پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے ان کیخلا ف بھی مقدمہ درج نہیں کرایا۔ عمران کو اب ان لوگوں کی سرزنش بھی کرنی چاہئے جو کنٹینر پر انکے کان میں سرگوشیاں کرکے غلط حقائق بتاتے رہے۔ حرمین شریفین اور سعودی سرزمین کے تحفظ کے حوالے سے پاکستانی قوم میں کوئی دو رائے نہیں، پارلیمنٹ نے جو متفقہ قرارداد پاس کی اسکا مقصد تھا کہ تمام پارلیمانی پارٹیاں متفقہ طور پر اس حوالے سے مؤقف کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ نے بہت مناسب قرارداد ڈرافٹ کی تھی لیکن تحریک انصاف کی ضد کی وجہ سے اس میں ہمیں ایک دو الفاظ شامل کرنا پڑے تاکہ قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کروایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ یہ الفاظ قرارداد میں شامل نہ کئے جاتے اور دفتر خارجہ کی ڈرافٹ کی ہوئی قرارداد ہی متفقہ طور پر منظور کرلی جاتی تو ہمیں اب وہ کوششیں نہ کرنی پڑتیں جو اس سے پیدا ہونیوالے حالات اور اب دونوں ممالک میں ابہام کو دور کرنے کیلئے کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن کے سامنے بھی ابھی تک کوئی الزام ثابت نہیں کرسکے اور نہ ہی انہوں نے کوئی اس حوالے سے ثبوت فراہم کئے ہیں۔ دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے نتائج نے 2013ء کے انتخابات منصفانہ ہونے کی سند دیدی، کنٹونمنٹ بورڈز میں اکثریت کا دعویٰ کرنیوالوں کے تمام دعوے غلط ثابت ہوگئے، عوام نے کنٹینر کا جھوٹ بے نقاب کردیا، ہم غلط زبان استعمال کرنے پر عمران خان کو معاف کرتے ہیں البتہ وہ پارلیمنٹ، ایوان صدر اور پی ٹی وی مرکز پر حملے پر قوم سے معافی مانگیں، بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کی وجہ سے تحریک انصاف کے ووٹ کم ہوئے، عوام نے انہیں غلط بیانی اور شیطانی سیاست کی سزا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کا شور مچانے والوں کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔ مسلم لیگ (ن) وہ واحد جماعت ہے جس نے چاروں صوبوں سے نمائندگی حاصل کی ہے۔ (ق) لیگ، عوامی تحریک اور عوامی مسلم لیگ کو کہیں بھی ایک بھی سیٹ نہیں ملی۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے نیپالی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ نیپالی عوام کو جو ضروریات ہوں گی، پاکستان اسے پورا کرنے کیلئے تیار ہے۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ہم سمجھتے تھے کہ اسلام آباد صرف فائلوں کا شہر ہے مگر اب یہ کتاب پرور شہر ہے۔