لندن (بی بی سی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا کہ پاکستان ٹیم بنگلہ دیش سے صرف ہاری نہیں بلکہ بری طرح ہاری ہے اور دورے کے اختتام پر ٹیم میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا پورا سسٹم ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فرسٹ کلاس پروگرام، آرگنائیزیشن ، کوچنگ اور فٹنس پروگرام سب میں کمی ہے۔ حال ہی میں دورہ بنگلہ دیش کے دوران کھیلے گئے تین ایک روزہ میچز اور ایک ٹی 20 میچ میں پاکستان ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی اس شکست پر شہریار خان نے کہا کہ ہم ہارے نہیں ہیں بلکہ ہم بری طرح ہارے ہیں چاروں میچ۔ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو پہلی بار تین صفر سے ہرانے کے ساتھ ساتھ واحد ٹی 20 میچ میں بھی پہلی مرتبہ شکست دی۔ سابق پاکستانی کرکٹرز نے اس کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایسے کھیل کا مظاہرہ اس پہلے کبھی نہیں کیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی موجودہ کاکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’دورہ بنگلہ دیش کے ختم ہونے کے بعد مل بیٹھ کر ان مسائل پر بات ہوگی اور کوئی راستہ نکالنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ پاکستان اس درجے پر پہنچ جائے جو پہلے تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹیم دورہ بنگلہ دیش کے دوران اظہر علی کی کپتانی میں تین ایک روزہ اور شاہد آفریدی کی زیرِ قیادت ایک ٹی 20 میچ کھیلنے کے بعد 28 اپریل سے مصباح الحق کی قیادت میں بنگلا دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کرے گی۔ بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل ہی فاسٹ با¶لر راحت علی، سہیل خان، احسان عادل اور لیگ سپنر یاسر شاہ کے ساتھ ساتھ صہیب مقصود بھی زخمی ہونے کے بعد سکواڈ سے باہر ہو چکے ہیں۔