وقت آگیانوجوان نسل پارٹی قیادت سنبھالے، حکومت میں اور قائم علی شاہ سنبھالیں گے: پاکستان چین سرمایہ کاری منصوبے ڈی ریل نہیں ہونے دینگے: زرداری

کراچی (بی بی سی+ نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان سرمایہ کاری کے منصوبوں کو کسی حال میں بھی پٹڑی سے اترنے نہیں دیں گے۔ لیاری کے کِکری گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والے سرمایہ کاری کے منصوبوں میں بلوچوں کے حقوق کا بھی تحفظ کیا جائے گا۔ پیپلزپارٹی چین کی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر سیاست نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی آنے والی ترقی سے کسی کو نقصان ہوگا۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا یہ جلسہ آئندہ انتخابات کی جانب سفر ہے اور جلد ہی پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان، خیبر پی کے اور جموں و کشمیر میں بھی جلسے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے لیاری کے جلسے کے ذریعے آئندہ انتخابات کی تیاری کا آغاز کر دیا ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا: ’ایک وقت وہ بھی تھا جب بے نظیر بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی نے صرف 14 نشستیں جیتیں تھی اور اس کے بعد اگلے انتخابات میں حکومت بنائی تھی۔‘ انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’کپتان صاحب کو ایک الیکشن کا دکھ ہے جبکہ ہر الیکشن میں پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔‘ زرداری نے کہا کہ ’لیاری امن کا گہوارہ تھا اور ایک بار پھر اسے امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔‘ ’لیاری پیپلز پارٹی کا قلعہ تھا اور رہے گا۔‘ زرداری نے بھارت کے حوالے سے سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارت کشمیریوں کو تنگ کرنا بند کرے‘۔ جلسے سے خطاب کے دوران زرداری نے لیاری کے لئے ایک ارب روپے مالیت کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا۔ انہوں نے لیاری کے عوام کے لئے ایک ہاؤسنگ سکیم اور بلاول انجینئرنگ کالج بنانے کا اعلان بھی کیا۔ آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی 5سال کی سوچ نہیں رکھتی، نسل در نسل کام کرنا چاہتے ہیں۔ آصف زرداری نے کہا چین سے دوستی بھی پی پی نے دی، لیاری کے شہیدوں کے نام لوں تو رات گزر جائے، لیاری کے جلسے میں سب بھٹو بیٹھے ہیں، پی پی کے کتنے الیکشن چوری ہو گئے اور پی پی کا مینڈیٹ چھینا گیا جبکہ کپتان صاحب کو دکھ ہے کہ الیکشن چوری ہو گیا۔ بلاول اور آصفہ کے آنے تک جھنڈا سنبھالے رکھوں گا، میرے دونوں بچے لیاری کی پیدائش ہیں۔ ایک زمانے میں لیاری نے مجھے ایم این اے بنایا، نسل در نسل عوام کی خدمت کرتے رہیں گے، پرویز مشرف کی باقیات نے لیاری کو خون میں نہلا دیا اب لیاری میں خونریزی نہیں ہونے دیں گے، ہمیں پتہ ہے کہ لیاری میں پانی کا مسئلہ ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سے کہا ہے، تین ماہ میں لیاری میں پانی کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔ زرداری نے کہا کہ چینی سرمایہ کاری کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، اقتصادی راہداری کو سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے، قوموں کے مقدر میں مشکلیں آتی ہیں مشکلات کا سامنا کرنا لیڈر شپ کا کام ہے۔ ڈھائی سال بعد الیکشن ہونے والے ہیں جس کی تیاری کا آغاز آج سے کر دیا ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ قیادت نوجوانوں کے ہاتھ میں دی جائے۔ پاکستان میں بہت سے مسائل ہیں، اندرون سندھ اور پنجاب میں عوام کی مشکلات کو سمجھتا ہوں، کسان اور مزدور کو اس کا حق نہیں ملتا، کچھ قوتیں مشکلات پیدا کرتی ہیں یہ بات ماننے کیلئے تیار نہیں کہ پارٹی پنجاب، خیبر پی کے اور بلوچستان میں مقبول نہیں نوجوان نسل پارٹی قیادت سنبھالے، شاہ صاحب (قائم علی شاہ) اور میں حکومت سنبھالیں گے۔ بھارت کو خبردار کرتا ہوں کہ میرے کشمیری بھائیوں کو تنگ نہ کرو، میرے بھارت سے کوئی تجارتی تعلقات نہیں، بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کشمیری عوام پر ظلم بند کئے جائیں۔ قبل ازیں شیری رحمن نے کہا ہے کہ پی پی اور لیاری کا رشتہ کبھی نہیں ٹوٹ سکتا، لیاری پی پی کے چاہنے والوں کا گڑھ ہے اور رہے گا۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے تقریباً 7سال بعد زرداری کا پیپلزپارٹی کے اپنے ہی گڑھ لیاری میں طویل عرصے بعد کسی اجتماع سے ان کا یہ پہلا خطاب تھا۔ انہوں نے کہا کہ نئے بینڈ باجے والے اور ٹی وی کی نئی صنعت پر اپنا مال غلط پروپیگنڈا کرنے والے خدا کا خوف کریں ایسی باتیں کریں کہ قوم ترقی کرے۔ انہوں نے کہاکہ میں دولہا بن کر آیا تھا تو بی بی نے یہاں سے رخصتی لی تھی آج میں اپنے سیاسی سفر کی رخصتی لے رہا ہوں۔ زرداری 21گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ بلاول ہائوس سے جلسہ گاہ پہنچے۔ کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق زرداری نے کہا بھارت سے میرے تجارتی تعلقات نہیں‘ چین کی سرمایہ کاری سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے چین سے دوستی کی۔ گوادر پورٹ بھی پیپلز پارٹی نے بنایا میں نے اسلام آباد میں ساری سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر کے کہا ہے چین کی امداد کو ڈی ریل نہیں ہونے دیںگے میں نے چین کے دورے کر کے دوستی کو آگے بڑھایا اب چین کی سرمایہ کاری کا تحفظ کریںگے۔ ہم ملک میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیںگے۔ قوموں کے مقدر میں مشکلات ہوتی ہیں۔ ان کا سامنا کرتے ہوئے گھبرانا نہیں چاہئے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیاری میں پیپلز پارٹی کی مقبولیت ختم نہیں ہوئی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...