راولپنڈی (آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اردن کے حکمران شاہ عبداللہ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں سلامتی میں تعاون اور علاقائی سکیورٹی پر بھی گفتگو کی گئی۔ شاہ عبداللہ نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج کی علاقائی استحکام کے لئے کوششیں قابل تعریف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوںکو سراہتے ہیں ۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور اردن کے تاریخی اور قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو اب شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں ۔ قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے اردن میں شاہ عبداللہ خصوصی آپریشنز تربیتی مرکز کادورہ کیا اور اردن کی سپیشل آپریشنز فورسز کی مشقوں کا معائنہ کیا۔ آرمی چیف نے مشقوں میں شریک نوجوانوں کے اعلیٰ تربیتی معیار کو سراہا اور سپیشل آپریشنز فورسز کی تربیت گاہ میں موجود سہولتوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور اردن انسداد دہشت گردی آپریشنز میں ایک دوسرے کے تجربات کا تبادلہ کرتے اور ان سے استفادہ کرتے رہیں گے۔
انسداد دہشت گردی آپریشنز میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرتے رہیں گے: جنرل راحیل
Apr 27, 2016