8 مارچ 2017 ءکو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ”انٹرنیشنل وومن ڈے“ کے موقع پر ایک یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ راقم اس تقریب کا چیف آرگنائزر تھا۔ جبکہ اسلام آباد چیمبر کے صدر خالد اقبال ملک اور گروپ چیئرمین خالد جاوید نے خصوصی سرپرستی کی ۔ اس تقریب سے اسلام آباد میں مقیم بیشتر خواتین سفراءنے خطاب کیا۔ جن میں جرمنی‘ نیپال‘ نیدرلینڈ‘ آسٹریا اور صومالیہ کی سفراءشامل تھیں۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب مہمان خصوصی تھیں‘ سینیٹ میں وزارت خارجہ کی کمیٹی کی چیئرپرسن بیگم نزہت صادق کے علاوہ اسلام آباد سے باہر صرف ایک خاتون کو تقریر کے لئے مدعو کیا گیا تھا۔ وہ ملتان وومن چیمبر آف کامرس کی سابق صدر اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کی نائب صدر بیگم معصومہ سبطین تھیں۔ اِن کو خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے ان کے بہترین کردار کے اعتراف کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے بیگم معصومہ سبطین اور ان کی ٹیم نے ملتان میں بلیو فیئر کے نام سے ایک خوبصورت نمائش کا اہتمام کیا۔ جس میں ملک بھر سے اعلیٰ کاروباری قیادت شریک ہوئی۔ جس میں UBG کے چیئرمین افتخار علی ملک‘ سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر‘ ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل‘ کراچی سے ڈاکٹر مرزا امتیاز بیگ‘ نور احمد خان‘ اسلام آباد سے میاں شوکت مسعود (نائب صدر ایف پی سی سی آئی) اور ملک سہیل شریک ہوئے۔ یہ نمائش پاکستان میں خواتین کے کردار کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت تھی۔ اول اس نمائش کا اہتمام ملتان وومن چیمبر آف کامرس نے کیا اور خواتین کی بنائی ہوئی اشیاءکی نمائش ہوئی۔ تمام سٹال ہولڈرز خواتین تھیں اور یوں انہیں اپنی پروڈکٹ کو بنانے اور اسے مارکیٹ میں سیل کرنے کی بھی تربیت دی گئی۔ ملتان وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سرپرست اعلیٰ بیگم فرحت مختار کا تعلق ملتان کے اہم ترین صنعتی خاندان سے ہے۔ ان کے فرزند فیصل مختار ملتان میں کئی صنعتی یونٹ کے مالک ہیں۔ ان کے ساتھ چیمبر کی موجودہ صدر بیگم نسیم اختر اور نائب صدر فلزا سید بھی اس نمائش میں تمام تر جوش اور جذبے کے ساتھ شریک تھیں۔
ملتان ائرپورٹ پر وومن چیمبر کے وفد نے معصومہ سبطین کی سربراہی میں وفد کا استقبال کیا۔ ہم ملتان گریژن میس (ایم جی ایم لاجز) میں منتقل ہو گئے۔ یہ لاجز ملتان میں رہائش کے لئے سب سے بہترین جگہ ہے اس سے پہلے ملتان میں ہم رمادہ ہوٹل میں قیام کرتے رہے لیکن ایم جی ایم کے کمرے وسیع کشادہ ہیں۔ رات کو حسب معمول شیخ تنویر احمد کے گھر پر تمام وفد کے اعزاز میں ڈنر تھا۔ جس میں ملک بھر کی کاروباری قیادت کے علاوہ ملتان کی مقامی قیادت بھی موجود تھی۔ شیخ تنویر احمد کی بیگم ان کے دونوں بیٹے‘ عطا شیخ اور بختاور شیخ اپنی بیگمات کے ساتھ مہمانوں کی آ¶ بھگت اور دیکھ بھال میں مصروف تھے۔ ایک کہاوت ہے جس نے لاہور نہیں دیکھا وہ پیدا ہی نہیں ہوا۔ میرے خیال میں جس نے شیخ تنویر احمد کی دعوت نہیں کھائی اس نے زندگی میں کوئی دعوت نہیں کھائی‘ کھانے کے روائتی ذائقہ اور پیش کش کے ساتھ ساتھ مہر ایک ایک مہمان کی پلیٹ میں چانپ‘ پران اور کھانے کی دیگر ڈشز کے ساتھ ساتھ دیگر لوازمات کو ڈالنے میں مصروف رہے۔ یقیناً شیخ تنویر احمد پاکستان کے سب سے اچھے میزبان کہے جا سکتے ہیں۔ انہیں مہمان نوازی کی یونیورسٹی کا درجہ حاصل ہے۔
دوسرے دن بوسن روڈ پر ایک مارکی میں بلیو فیئر نمائش کا اہتمام تھا۔ مارکی ائرکنڈیشن تھی کیونکہ ملتان میں گرمی کافی بڑھ چکی تھی۔ وومن چیمبر نے 100 سٹال لگائے تھے جبکہ گزشتہ سال اس نمائش میں 70 سٹال لگائے گئے تھے۔ نمائش کا معیار انتہائی اعلیٰ تھا۔ اس نمائش میں ٹی ڈی اے پی اور گارڈ گروپ کے سٹال بھی نمایاں تھے۔ ایس ایم منیر‘ افتخار علی ملک اور زبیر طفیل نے مشترکہ طور پر بلیو فیئر 2017ءنمائش کا افتتاح کیا۔ ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر حاجی عطاءالرحمن نے ملتان میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں ایف پی سی سی آئی کی قومی اور مقامی قیادت نے شرکت کی۔ رات کو ملتان وومن چیمبر آف کامرس نے رمادا ہوٹل میں ایک عشائیے اور میوزیکل پروگرام کا اہتمام کیا تھا۔ جس میں مقامی فنکارہ نادیہ ہاشمی نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور سامعین سے داد وصول کی۔ اس موقع پر زبیر طفیل نے کہا کہ وہ کراچی‘ لاہور اور اسلام آباد میں نادیہ ہاشمی کے فن کو متعارف کرانے کے لئے پروگرام تشکیل دیں گے۔ ڈنر میں ایس ایم منیر صاحب کے لئے فیصل مختار کے گھر سے خصوصی کھانے بن کر آئے کیونکہ ایس ایم منیر صاحب نمک والا کھانا نہیں کھاتے اور اُن کی ہدایت ہوتی ہے کہ وہ جہاں بھی جائیں اُن کا کھانا نمک کے بغیر ہو لہذا فیصل مختار نے اس کھانے کا اہتمام کیا جو انتہائی لذیذ تھا جس سے احساس ہوا کہ ملتان کے لوگ کھانا پکانے میں خصوصی مہارت رکھتے ہیں۔ کیونکہ تنویر احمد شیخ اور فیصل مختار کے گھروں کے کھانوں میں لذت اور ذائقہ کم کم دیکھنے میں آیا۔ ملتان میں اس دفعہ انکشاف ہوا کہ ملتان کی سب سے ممتاز کاروباری فیملی تنویر احمد شیخ اور خواجگان نے ریسٹورنٹ کھول رکھے ہیں۔ دونوں کی نوجوان نسل اس کا انتظام کر رہی ہے یقیناً یہ ریسٹورنٹ آمدنی سے زیادہ پی آر کے لئے قائم کئے گئے ہیں جہاں وہ دوستوں کی تواضع بھی کرتے ہیں۔
بلیو فیئر 2017ءکے دوران ایک دن وومن چیمبر آف کامرس نے بلیو فیئر سیمینار کا اہتمام کیا جس سے کراچی کے بزنس مین اور کالم نگار ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ‘ راقم اور ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر میاں شوکت مسعود‘ معصومہ سبطین نے خطاب کیا۔ تقریب میں ملتان کی متعدد کالجز اور یونیورسٹی کی طالبات کی ایک کثیر تعداد شریک تھی۔ ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے اپنی کامیابیوں کی داستان میں اپنی والدہ کی دعا¶ں کا خاص طور پر ذکر کیا جبکہ راقم نے بتایا کہ زندگی میں کامیابی کے لئے خود اعتمادی‘ محنت‘ دیانت داری اور صحت مند مقابلہ انتہائی ضروری ہے۔ راقم نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے کچھ بزنس مین پریشان ہیں حالانکہ انہیں یہ بات سمجھنی چاہئے کہ صحت مند مقابلے کے نتیجے میں پاکستان میں صنعت ترقی کرے گی۔